40 ہزار ایکڑ پر کمرشل زیتون کے باغات لگانے کا نیا منصوبہ تجویز

اسلام آباد۔7مارچ (اے بی سی):وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے پاکستان میں زیتون کی ویلیو چین کو مضبوط اور ترقی دینے کے لیے 6 ارب 59 کروڑ 80 لاکھ روپے کا ایک قومی منصوبہ تجویز کیا ہے جس کے تحت 40 ہزار ایکڑ پر کمرشل زیتون کے باغات لگائے جائیں گے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویز کے مطابق تین سالہ منصوبہ “اسٹرینتھننگ/اپ لفٹنگ آف اولیو ویلیو چین اِن پاکستان فیز تھری” جولائی 2026 سے جون 2029 تک جاری رہے گا اور اسے پاکستان آئل سیڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ذریعے قومی اور صوبائی اداروں کے تعاون سے ملک بھر میں نافذ کیا جائے گا۔

منصوبہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری، پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں نافذ کیا جائے گا۔اس منصوبے کا ایک اہم جزو منتخب زرعی ماحولیاتی علاقوں میں کسانوں اور سرکاری زمینوں پر 40 ہزار ایکڑ رقبے پر کلسٹر بنیادوں پر کمرشل زیتون کے باغات کا قیام ہے۔اس اقدام کا مقصد زیتون کی کاشت کو بڑے پیمانے پر منظم کرنا اور ملک میں زیتون کی صنعت کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔زیتون کی کاشت میں پانی کے مؤثر استعمال اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت بڑھانے کے لیے 10 ہزار ایکڑ زیتون کے باغات پر ڈرپ ایریگیشن سسٹم نصب کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ منصوبے کے تحت تقریباً تین لاکھ جنگلی زیتون کے درختوں کی بحالی کمیونٹی کی نگرانی میں گرافٹنگ کے ذریعے کی جائے گی۔منصوبہ زیتون کی ویلیو چین میں ویلیو ایڈیشن اور کمرشلائزیشن کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ دیتا ہے۔ اس مقصد کے لیے پومیس آئل کی پیداوار، زیتون کے تیل کے معیار میں بہتری، جدید اسٹوریج طریقوں اور پومیس کو پیلیٹس بنانے کے لیے استعمال کرنے کے حوالے سے پائلٹ سطح پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اقدامات کیے جائیں گے۔ادارہ جاتی مضبوطی بھی اس منصوبے کا ایک اہم حصہ ہے۔

منصوبے کے تحت گورننس، پائیداری اور ضابطہ جاتی امور کو بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کی شمولیت کے ساتھ ایک قومی اولیو کمپنی یا کونسل قائم اور فعال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔منصوبہ زیتون کی ویلیو چین میں انسانی وسائل کی ترقی پر بھی زور دیتا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ افراد کو گڈ ایگریکلچرل پریکٹسز، گڈ مینوفیکچرنگ پریکٹسز، ہیزرڈ اینالیسس اینڈ کریٹیکل کنٹرول پوائنٹس، پراسیسنگ تکنیک اور مارکیٹنگ کے طریقوں کی تربیت دی جائے گی۔

تربیتی پروگراموں میں زیتون کی کاشت، پراسیسنگ اور مارکیٹنگ سے وابستہ خواتین اور نوجوانوں کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ اس شعبے کے لیے ہنر مند افرادی قوت تیار کی جا سکے۔منصوبے کے اہم نتائج میں کلسٹر بنیادوں پر کمرشل زیتون کے باغات کا قیام، گرافٹنگ کے ذریعے جنگلی زیتون کے درختوں کی بحالی، ڈرپ ایریگیشن سسٹم کی تنصیب اور زیتون کی ویلیو چین میں ہنر مند انسانی وسائل کی تیاری شامل ہے۔اس کے علاوہ منصوبے کے تحت ویلیو ایڈیشن اور ضمنی مصنوعات کے استعمال کے لیے پائلٹ منصوبے متعارف کرائے جائیں گے تاکہ اس شعبے میں کمرشل سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

مزید برآں زیتون کی کاشت کی سرگرمیوں کی نگرانی اور انتظام کے لیے ڈیجیٹل جیو میپنگ اور مانیٹرنگ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا۔مجوزہ سرگرمیاں 13ویں پانچ سالہ منصوبے، اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف اور نیشنل ایگریکلچر انوویشن گروتھ ایکشن پلان سے ہم آہنگ ہیں، جن میں برآمدات، ٹیکنالوجی کی ترقی، میکانائزیشن، مالی معاونت، انفراسٹرکچر کی ترقی، ماحولیاتی پائیداری اور مساوات و بااختیار بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے