مکہ مکرمہ( اے پی پی) اسلامی امور، دعوت و ارشاد کی وزارت نے خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے حج مہمانوں کی سہولت کیلئے مکہ مکرمہ میں جدید شٹل ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت روزانہ 50 سے زائد سفری چکر لگائے جا رہے ہیں تاکہ ضیوفِ رحمن کو ان کی رہائش گاہوں سے مسجد الحرام تک بآسانی پہنچایا جا سکے۔وزارت کے مطابق یہ سروس چوبیس گھنٹے جاری رہے گی اور اس کا مقصد مہمانوں کو مناسک حج اور نمازوں کی ادائیگی کیلئے آرام دہ، محفوظ اور منظم سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ وزارت نے بتایا کہ یہ اقدام حج سیزن 1447 ہجری کے دوران فراہم کی جانے والی خصوصی خدمات کا حصہ ہے، جس کے ذریعے رہائشی مقامات اور مسجد الحرام کے اطراف مرکزی علاقے کے درمیان آمدورفت کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شٹل سروس کیلئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ خصوصی بسیں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ مختلف روٹس متعلقہ اداروں کے تعاون سے ترتیب دیے گئے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور مہمانوں کو اعلیٰ معیار کی سفری سہولت، سلامتی اور آرام فراہم کیا جا سکے۔وزارت اسلامی امور کے مطابق خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے مہمانوں کیلئے انتظامی، رہنمائی، آگاہی اور دیگر سہولتی خدمات بھی مسلسل فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ضیوفِ رحمن کو روحانی و پُرسکون ماحول میسر آئے اور وہ اپنے مناسک حج آسانی اور اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں۔

