وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے وزیر دفاع احمد معلم فقی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے اہم پیشہ ورانہ امور، ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ ایڈمرل نوید اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان صومالیہ کے ساتھ اپنے سفارتی و عسکری تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ایک پائیدار، طویل المدتی اور کثیر الجہتی شراکت داری قائم کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔
صومالیہ کے وزیر دفاع نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ میں پاک بحریہ کی کاوشوں اور عزم کو سراہا۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

