نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ شام لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والی این-15 شاہراہ اور دیگر اہم سڑکوں کو ٹریفک کے لئے بحال کر دیا ہے۔این ایچ اے ترجمان کے مطابق، بابوسر اور چلاس کے مقام پر این-15 شاہراہ کو کلیئر کر کے ٹریفک کے لئے مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔ یہ شاہراہ گزشتہ شام لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر بند ہو گئی تھی جس کی وجہ سے آمدورفت معطل تھی۔مزید برآں گلگت روڈ پر تتہ پانی اور گھنی کے مقامات پر بھی لینڈ سلائیڈز کا ملبہ ہٹا کر سڑک کو ابتدائی طور پر ون وے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے تاکہ مسافروں کی مشکلات کو کم کیا جا سکے اور گاڑیوں کی روانی کو ممکن بنایا جا سکے۔ترجمان این ایچ اے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تمام متاثرہ اہم شاہراہوں پر بندش کے بعد ٹریفک کی آمدورفت اب دوبارہ بحال کر دی گئی ہے، مسافروں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے این ایچ اے کی فیلڈ ٹیمیں اور بھاری مشینری کسی بھی ہنگامی صورتحال اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ سے بروقت نمٹنے کے لئے ہر وقت متحرک اور الرٹ ہیں۔
لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بابوسر، چلاس اور گلگت روڈ ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا ہے، ترجمان این ایچ اے

