وزارت اطلاعات و نشریات حکومت پاکستان نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے موقع پر خصوصی نغمہ جاری کر دیا۔ نغمے کے بول ’’ایک اللہ، ایک رسول ﷺ، ایک قرآن، ایک کلمہ، ایک قبلہ، ایک پہچان‘‘ تینوں ممالک کے مشترکہ دینی اور تہذیبی ورثے کی ترجمانی کرتے ہیں۔ اس خصوصی نغمے میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، مذہبی اور دفاعی تعلقات، باہمی تعاون، اخوت اور مشترکہ دفاعی عزم کو موثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ نغمے کی ویڈیو میں خانہ کعبہ اور قرآن پاک کے روح پرور مناظر کے ساتھ ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت، وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب اور ترک قیادت سے ملاقاتوں، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے بھی دکھائے گئے ہیں جو تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان اخوت، باہمی اعتماد اور سٹریٹجک شراکت داری کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے تیار کردہ اس نغمے میں تینوں برادر اسلامی ممالک کے دیرینہ تعلقات، مسلم امہ کے اتحاد، امن، استحکام اور مشترکہ وژن کی عکاسی، سٹریٹجک شراکت داری اور باہمی اعتماد کے مضبوط رشتے کو نمایاں کیا گیا ہے۔ نغمے کے ذریعے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب اخوت، ایمان اور باہمی تعاون کے مضبوط رشتے میں متحد رہیں گے۔
”ایک اللہ، ایک رسول صلی اللہ علیہ وسلم، ایک قرآن، ایک کلمہ، ایک قبلہ ایک پہچان“ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب مشترکہ دفاعی معاہدے کے موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے خصوصی نغمہ جاری

