یو این ڈی پی کے ریذیڈنٹ نمائندے کا نیپا اسلام آباد کا دورہ، سول سرونٹس کو موسمیاتی فنانسنگ پر اہم بریفنگ

یو این ڈی پی کے ریذیڈنٹ نمائندے کا نیپا اسلام آباد کا دورہ، سول سرونٹس کو موسمیاتی فنانسنگ پر اہم بریفنگ
یو این ڈی پی کے ریذیڈنٹ نمائندے کا نیپا اسلام آباد کا دورہ، سول سرونٹس کو موسمیاتی فنانسنگ پر اہم بریفنگ

یو این ڈی پی پاکستان کے ریذیڈنٹ نمائندے سیموئل رزک نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) اسلام آباد کا دورہ کیا۔ معزز مہمان نے موسمیاتی فنانسنگ اور پائیدار ترقی کے فروغ میں یو این ڈی پی اور پاکستان کی شراکت داری پر ایک جامع اور بصیرت افروز لیکچر دیا۔یہ لیکچر نیپا اسلام آباد میں زیر تربیت مختلف سروس گروپس سے تعلق رکھنے والے سینئر مینجمنٹ کورس کے 47 اور مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے 44 سول سرونٹس کو دیا گیا۔ اس موقع پر سیموئیل رزک نے پالیسی سازی، قیادت، ادارہ جاتی استعداد کار، شراکت داری کے فروغ اور ترقیاتی ثمرات کو برقرار رکھنے کے لیے یو این ڈی پی کی معاونت کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے، پائیدار منصوبوں کے لئے مالی وسائل متحرک کرنے اور طویل مدتی بہتری کے لیے نظام حکمرانی کو موثر بنانے کی خاطر قومی اداروں کے ساتھ اشتراک پر مبنی فریم ورک کو فروغ دینے میں یو این ڈی پی کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔اپنی پریزنٹیشن کے دوران انہوں نے موسمیاتی اقدامات کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے ترقیاتی شراکت داروں اور قومی اداروں کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے عالمی سطح پر رائج بہترین طریقوں، موسمیاتی فنانسنگ کے جدید طریقہ کار اور ماحولیاتی فنڈز کے حصول میں درپیش کلیدی چیلنجز کے حوالے سے اہم معلومات شیئر کیں جس سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے کے بارے میں شرکا کی سمجھ بوجھ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔یہ سیشن دو طرفہ مباحثے پر مبنی تھا جس میں شرکا نے پالیسی کے اثرات، ادارہ جاتی اصلاحات اور پاکستان کے حکومتی ڈھانچے میں پائیدار ترقی کی حکمت عملیوں کو شامل کرنے کے حوالے سے بامعنی گفتگو کی۔ مستقبل کے لائحہ عمل کے طور پر ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ فنڈنگ کی فراہمی، نجی شعبے کی شمولیت اور کردار میں اضافہ، صوبائی سطح پر منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ،باہمی تعاون کو مضبوط بنانے اور پائیدار ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر زور دیا گیا۔تقریب کے اختتام پر خیر سگالی اور دیرپا ادارہ جاتی تعاون کے اظہار کے طور پر ڈائریکٹر جنرل نیپا اسلام آباد عاصم اقبال کی جانب سے معزز مہمان کو یادگاری شیلڈ (سووینئر) پیش کی گئی۔ اس تبادلے نے نیپا اسلام آباد اور اقوام متحدہ کے اداروں کے درمیان مسلسل روابط، علم و تجربات کے تبادلے اور استعداد کار و ادارہ جاتی ترقی کے لیے باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو نمایاں کیا۔

Related Post