ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد یوسف خان کی سربراہی میں ایسوسی ایشن کا ایک اہم عام اجلاس مرکزی دفتر اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں نوجوان صحافیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع، ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے آغاز، تربیتی مراکز کے قیام، تنظیمی سرگرمیوں کے فروغ اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری جنرل عدنان عارف، سیکرٹری اطلاعات و نشریات نوابزادہ علی شاہ، سیکرٹری کوآرڈینیشن انیلا بشیر، جوائنٹ سیکرٹریز نادیہ نقوی، عبیرہ ریاض اور سیدہ سارہ نظامی، نائب صدر راجہ حسیب احمد، سید نقی قریشی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی نئی ویب سائٹ کے آغاز کو تنظیم کی ڈیجیٹل ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا جبکہ ایسوسی ایشن کے نئے دفتر کا جلد باقاعدہ افتتاح کرنے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں نوجوان اور بے روزگار صحافیوں کے لیے ایک خصوصی ڈیجیٹل روزگار منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ بھی زیر غور آیا، جس کا مقصد صحافت سے وابستہ ایسے نوجوانوں کو روزگار اور آمدن کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے جو اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باوجود روزگار کے مناسب مواقع سے محروم ہیں۔
شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ موجودہ دور میں صحافت کا شعبہ تیزی سے ڈیجیٹل میڈیا کی طرف منتقل ہو رہا ہے، اس لیے نوجوان صحافیوں کو روایتی صحافت کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل صحافت، آن لائن پلیٹ فارمز، جدید ابلاغی ذرائع اور دیگر متعلقہ شعبوں میں بھی عملی تربیت فراہم کرنا ضروری ہے۔
اجلاس میں نئے آنے والے صحافیوں اور نوجوان جرنلسٹس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیتی مراکز کے قیام کی منصوبہ بندی پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ان تربیتی مراکز میں صحافت اور ڈیجیٹل میڈیا سے متعلق مختلف موضوعات پر سیمینارز، ورکشاپس، تربیتی نشستیں اور دیگر پیشہ ورانہ سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی تاکہ نوجوان صحافی جدید میڈیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔
اجلاس میں اس بات پر بھی مشاورت کی گئی کہ نوجوان صحافیوں کے لیے وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں اور وفاقی وزراء کے تعاون سے یوتھ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے رابطوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ اس مقصد کے تحت نوجوان صحافیوں کو ڈیجیٹل شعبے میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے، فری لانسنگ، آن لائن میڈیا اور دیگر جدید شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اس موقع پر صدر ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن محمد یوسف خان نے کہا کہ ایسوسی ایشن نوجوان صحافیوں کو صرف ایک تنظیمی پلیٹ فارم فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ انہیں تربیت، روزگار، رہنمائی اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان صحافی جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا کی دنیا سے جڑا ہوا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اسے جدید تقاضوں کے مطابق تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نوجوان صحافیوں کو بااختیار بنانے اور انہیں میڈیا کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔
محمد یوسف خان نے کہا کہ نئی ویب سائٹ، نئے دفتر، ڈیجیٹل روزگار منصوبے اور تربیتی مراکز کا قیام ایسوسی ایشن کے مستقبل کے اہم منصوبوں میں شامل ہے، جن کا بنیادی مقصد نوجوان صحافیوں کے لیے ایک ایسا مربوط پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں انہیں سیکھنے، اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے اور روزگار کے مواقع تک رسائی حاصل ہو۔
اجلاس کے شرکاء نے ایسوسی ایشن کی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے، عہدیداران اور اراکین کے درمیان رابطے مضبوط کرنے اور نوجوان صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نئے منصوبے نوجوان صحافیوں کے لیے پیشہ ورانہ ترقی کے نئے دروازے کھولنے اور انہیں جدید میڈیا کی ضروریات کے مطابق بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

