یمن کی فوج نے حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ کیخلاف آپریشن شروع کر دیا
ریاض: یمن نے حوثیوں اور ان کے فوجی سازوسامان کے خلاف فوجی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی حوثیوں
کی جانب سے کی جانے والی غدارانہ سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی۔ یمن کی فوج نے مارب میں حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ کے حملوں کے جواب میں آپریشن کیا۔
یمنی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حوثیوں اور ان کے فوجی سازوسامان کے خلاف فوجی کارروائی کی ، حوثیوں نے بیرونی ایجنڈوں کی تکمیل کیلئے یمن کو علاقائی تنازعات میں دھکیل دیا ہے۔
یمنی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثیوں نے یمن کی معیشت تباہ کر کے عوام میں فرقہ واریت کو فروغ دیا۔
ترجمان یمنی فوج کا کہنا ہے کہ فوجی کارروائی حوثیوں کی غدارانہ کارروائیوں کے جواب میں کی گئیں۔
واضح رہے کہ یمنی صوبے مارب میں جمعے کو حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ کے حملے میں کم ازکم 10 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یمنی فوجی ذرائع کے مطابق مارب حملوں میں فوج کے 8 اہلکار مارے گئے اور 12 زخمی ہوئے۔
انصار اللہ کا کہنا تھا کہ اُس نے مارب میں سرکاری فوج کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا۔
