مال روڈ راولپنڈی میں دہشتگرد محمد حسین کی ہلاکت کا معاملہ ، راولپنڈی پولیس کا اہم بیان سامنے آگیا
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق، 11 اگست 2026 کو صبح 11 بج کر 15 منٹ پر محمد حسین نامی شخص نے مال روڈ پر تعینات سیکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ ٹیم پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ترجمان کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فون اور دیگر سامان کی فرانزک جانچ اور تجزیے کے دوران مزید شواہد حاصل ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حملہ آور کا تعلق ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تھا۔دوسری جانب، ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران ایسے شواہد بھی سامنے آئے ہیں جن سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ہلاک شخص مذکورہ سیاسی جماعت کا سرگرم رکن تھا اور جماعتی قیادت سے رابطے میں رہتے ہوئے ہدایات پر عمل کرتا تھا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ احتجاجی دھرنوں کے دوران محمد حسین مبینہ طور پر اشتعال انگیزی، پتھراؤ اور فائرنگ کے واقعات میں ملوث رہا، جبکہ سیکیورٹی فورسز کو اسلحے کے ذریعے نشانہ بنانے کے الزامات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔راولپنڈی پولیس نے واضح کیا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں اور برآمد شدہ شواہد، ڈیجیٹل مواد اور دیگر فرانزک رپورٹس کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
