وزیراعظم محمد شہباز شریف کا نوجوانوں کے عالمی دن 12 اگست ، 2026 پر پیغام
اس سال نوجوانوں کا عالمی دن "مختلف حالات، مشترکہ امنگیں” کے زیرعنوان منایا جا رہا ہے۔
یہ موضوع اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ دنیا کے طول و عرض میں نوجوانوں کی زندگی مختلف حالات کے زیر اثر ہوتی ہے مگر تابناک مستقبل کے خواب، امنگیں اور خواہشات یکساں ہوتی ہیں۔
ہمارے نوجوان ہماری قوم کا انمول سرمایہ ہیں۔ نوجوان ہمارے روشن مستقبل کے معمار ہیں۔
نوجوان کی صلاحیتوں اور بھرپور استعداد کا اظہار ہی خوشحال، پُرامن اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔
پاکستان کی نوجوان آبادی نے مختلف شعبہ ہاۓ زندگی میں قومی اور عالمی افق پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
نوجوانوں کی بہترین ذہنی و جسمانی اور فکری و علمی نشو ونما کے لیۓ تمام دستیاب قومی وسائل کا استعمال حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
حکومت پاکستان نوجوانوں کوعصر حاضر سے ہم آہنگ، جدید اور معیاری تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ، روزگار کے مواقع، کاروبار و صنعت کاری، ڈیجیٹل جدت اور سماجی شمولیت کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
حکومت مختلف پالیسیز کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات بھی اٹھا رہی ہے تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں، ہنر اور پیشہ وارانہ استعداد کار کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کر سکیں اور عالمی افق پر ملک کا نام روشن کریں۔
وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام (PMYSDP) ملک میں باصلاحیت اور ہنر مند افرادی قوت کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔
پیشہ ورانہ مہارت سے لیس اور ہنر مند افرادی قوت کی مستند اور عالمی معیار کی تربیت کے لیۓ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کو ترجیحی بینادوں پر مزید فعال کیا گیا ہے۔
آج کے دن میں اپنے نوجوانوں کو خصوصی پیغام دیتا ہوں کہ وہ دیانت داری، ذمہ داری اور خدمتِ وطن کے جذبے کے ساتھ محنت کا سفر جاری رکھیں۔
نوجوانوں کی ترقی میں ہی قوم کی پائیدار ترقی اور تابناک مستقبل کی منزل پنہاں ہے۔
