آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: بابر اعظم کی ٹاپ 10 میں واپسی، عبداللہ شفیق کی بڑی چھلانگ
آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی بیٹرز نے نمایاں بہتری حاصل کی ہے، جس کے تحت قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم تقریباً دو برس بعد ایک بار پھر ٹاپ 10 بیٹرز میں شامل ہوگئے ہیں۔تازہ رینکنگ کے مطابق بابر اعظم نے 5 درجے ترقی کرتے ہوئے 10ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ دوسری جانب عبداللہ شفیق نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے 25 درجے کی بڑی چھلانگ لگائی اور 32ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ٹیسٹ بیٹرز کی عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ انگلینڈ کے ہیری بروک دوسرے اور جو روٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔پاکستان کے دیگر بیٹرز میں سعود شکیل 2 درجے تنزلی کے بعد 26ویں، محمد رضوان ایک درجے تنزلی کے بعد 27ویں، سلمان علی آغا 6 درجے تنزلی کے بعد 38ویں جبکہ شان مسعود 3 درجے تنزلی کے بعد 39ویں نمبر پر موجود ہیں آئی سی سی ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپرت بمرا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری دوسرے اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 28ویں نمبر پر ہیں۔ اسپنر ساجد خان نے 5 درجے ترقی کرتے ہوئے 30ویں پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ خرم شہزاد ایک درجے بہتری کے بعد 51ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔پاکستانی بیٹرز کی حالیہ رینکنگ میں بہتری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں ان کی عمدہ کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کی ترقی نے پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں مثبت پیش رفت کی امید مزید مضبوط کردی ہے۔
