مکئی کی فصل کو فال آرمی سنڈی سے بچانے کیلئے مسلسل نگرانی کی ہدایت
محکمہ زراعت نے مکئی کے کاشتکاروں کو فصل کو فال آرمی سنڈی کے ممکنہ حملے سے محفوظ رکھنے کیلئے مسلسل اور باقاعدگی سے نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہےاسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع عامر صدیق کے مطابق فال آرمی سنڈی مکئی کی فصل کو نقصان پہنچانے والا اہم کیڑا ہے، تاہم بروقت تشخیص اور مناسب تدارک کے ذریعے فصل کو بڑے نقصان سے بچایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ مکئی کے پودوں کے پتے، کونپلیں اور دیگر حصے باقاعدگی سے چیک کیے جائیں۔ سنڈی، اس کے فضلے یا پتوں پر بننے والے مشتبہ نشانات کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ زرعی ماہرین سے رابطہ کیا جائے۔محکمہ زراعت کے مطابق فال آرمی سنڈی مختلف حیاتیاتی مراحل سے گزرتی ہے اور مناسب حالات میں اس کی تعداد تیزی سے بڑھ سکتی ہے، جس سے مکئی کی فصل کو نمایاں نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیرضروری یا غیرموزوں زرعی ادویات کے استعمال سے گریز کریں اور کیڑے کی موجودگی کی صورت میں محکمہ زراعت کے ماہرین کی سفارشات کے مطابق ہی تدارکی اقدامات کریں۔محکمہ زراعت نے بتایا کہ زرعی مسائل، فصلوں کے کیڑوں اور بیماریوں سے متعلق رہنمائی کیلئے ایگریکلچر ہیلپ لائن 080017000پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
محکمہ زراعت کے مطابق فصل کی بروقت نگرانی، کیڑے کی درست شناخت اور ماہرین کی ہدایات پر فوری عملدرآمد کے ذریعے مکئی کی پیداوار کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔
