اسلام آباد میں مبینہ غیرقانونی تجارتی سرگرمیوں میں ملوث 258 غیرملکیوں کے خلاف مقدمہ درج
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے خفیہ اطلاع پر اسلام آباد کے علاقے گلبرگ گرین میں واقع اسپارکو پلازہ پر کارروائی کرتے ہوئے 258 غیرملکی شہریوں کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے، جو حکام کے مطابق ویزا شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مبینہ طور پر غیرقانونی کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ایف آئی اے اسلام آباد زون کے ڈائریکٹر شہزاد ندیم بخاری کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاع کے بعد انسدادِ انسانی اسمگلنگ و ٹریفکنگ سرکل نے کارروائی کی۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ پلازہ میں موجود افراد میں ویتنام، انڈونیشیا، چین اور دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں، جو وزٹ، ٹورسٹ اور بزنس ویزوں پر پاکستان آئے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق غیرملکی شہریوں کا ریکارڈ امیگریشن اینڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (آئی بی ایم ایس) کے ذریعے چیک کیا گیا، جس سے ان کے ویزوں کی تصدیق ہوئی۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ افراد بڑے کال سینٹر طرز کے سیٹ اپ میں کام کر رہے تھے، جو ان کے ویزوں کے اعلان کردہ مقصد سے مطابقت نہیں رکھتا۔ادارے نے ویزا شرائط کی مبینہ خلاف ورزی پر تمام 258 غیرملکی شہریوں کے خلاف فارنرز ایکٹ 1946 کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی اے نے تمام افراد کے نام، قومیت، ویزا کیٹیگری اور پاسپورٹ نمبرز پر مشتمل ریکارڈ بھی مرتب کر لیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق مقدمے میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا تعین دورانِ تفتیش کیا جائے گا، جبکہ تحقیقات کی ذمہ داری انسپکٹر محمد عبداللہ کیانی کے سپرد کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں غیرملکیوں کو حراست میں لیے جانے کے بعد اسپارکو پلازہ کو عارضی طور پر سب جیل بھی قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی اے واقعے کے مختلف پہلوؤں کی مزید تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔
