وفاقی بیوروکریسی میں تقرر و تبادلے، چیئرمین ایف بی آر کے اضافی چارج میں 3 ماہ توسیع
وفاقی حکومت نے بیوروکریسی میں تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کرتے ہوئے مختلف وزارتوں اور ڈویژنز میں اہم تعیناتیاں اور تبادلے کیے ہیں، جبکہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود کو سیکرٹری ریونیو ڈویژن کا اضافی چارج مزید تین ماہ کے لیے سونپ دیا گیا ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تقرری کے منتظر نیاز محمد خان کو جوائنٹ سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈویژن تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ عارف کریم کو جوائنٹ سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ڈویژن اور ناصرہ بتول جعفری کو جوائنٹ سیکرٹری کابینہ ڈویژن مقرر کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسران ظفر علی شاہ اور مومن آغا کو او ایس ڈی (آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی) بنا دیا گیا ہے۔ اسی طرح سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام عامر علی احمد کو سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈویژن کا اضافی چارج بھی مزید تین ماہ کے لیے دے دیا گیا ہے۔مزید برآں، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 18 کے افسر عمر وقار کی خدمات حکومت پنجاب کے سپرد کر دی گئی ہیں، جبکہ نازیہ زمان کو گریڈ 19 میں ترقی دے کر ان کی خدمات حکومت سندھ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔حکومت نے تقرری کے منتظر محمد عرفان خان کو ڈپٹی سیکرٹری صنعت و پیداوار ڈویژن تعینات کیا ہے، جبکہ بلوچستان میں تعینات پولیس سروس کے گریڈ 18 کے افسر عبدالجبار کو 120 روز کے لیے معطل کرنے کا بھی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ غلام اللہ شیخ کو تین سال کی مدت کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں ممبر لا مقرر کر دیا گیا ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق تمام تقرریوں، تبادلوں اور اضافی چارجز سے متعلق احکامات کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
