حکومت کا کسانوں کو زرعی قرضوں کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل فنانسنگ میں توسیع
اسلام آباد۔11نومبر (اے بی سی):حکومت نے ڈیجیٹل قرضوں، مخصوص زرعی فنانسنگ، گوداموں میں محفوظ زرعی اجناس کی رسیدوں کے ذریعے قرضوں، ڈیجیٹل اراضی ریکارڈ، فصلوں کی انشورنس اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی فنانسنگ کے ذریعے کسانوں کی باضابطہ قرضوں تک رسائی بڑھانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں تاکہ قرض لینے والوں اور بینکوں دونوں کے لیے مالی خطرات کم کیے جا سکیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے متعدد اقدامات متعارف کرائے ہیں جن کا مقصد زرعی قرضوں کا دائرہ وسیع کرنا اور چھوٹے اور مالی سہولیات سے محروم کسانوں تک قرضوں کی فراہمی بہتر بنانا ہے۔
ڈیجیٹل قرضوں کی فراہمی کا ایک اہم اقدام ’’زرخیزای — آسان ڈیجیٹل قرضہ‘‘ ہےجسے 14 اکتوبر 2025 کو متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کا مقصد چھوٹے اور محدود وسائل رکھنے والے کسانوں کو فصلوں کی کاشت کے لیے ضمانت کے بغیر قرضے فراہم کرنا ہے۔اس سہولت کے تحت اہل زمین مالکان کو 10 لاکھ روپے اور مزارعین کو 5 لاکھ روپے تک قرضہ فراہم کیا جاتا ہے، جس کی واپسی 12 ماہ کے اندر کرنا ہوتی ہے۔قرض کی رقم کا ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنانے کے لیے 75 فیصد فنانسنگ تصدیق شدہ زرعی تاجروں کے نیٹ ورک کے ذریعے بیج، کھاد اور دیگر ضروری زرعی اشیا کی صورت میں فراہم کی جاتی ہے، جبکہ 25 فیصد تک رقم نقد دی جاتی ہے۔
وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کے تحت مالی سال 2025-26 کے دوران 21 بینکوں کے لیے خصوصی طور پر زرعی فنانسنگ کی مد میں 65 ارب روپے مختص کیے گئے۔30 جون 2026 تک بینکوں نے سکیم کے زرعی فنانسنگ حصے کے تحت 63.46 ارب روپے کے قرضے جاری کیے، جو مختص کردہ رقم کا تقریباً 97.6 فیصد بنتے ہیں۔الیکٹرانک ویئر ہاؤس رسیپٹ فنانسنگ کی سہولت بھی زرعی قرضوں کی فراہمی کے ایک متبادل ذریعے کے طور پر سامنے آئی ہے۔ اس نظام کے تحت کسان اور زرعی اجناس کے تاجر منظور شدہ گوداموں میں محفوظ اپنی پیداوار کو ضمانت کے طور پر استعمال کرکے بینکوں سے قرض حاصل کر سکتے ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ سہولت مکئی اور چاول کے لیے متعارف کرائی گئی تھی جسے بعد میں گندم تک توسیع دے دی گئی۔فروری 2022 میں اس نظام کے آغاز کے بعد سے اس کے ذریعے 15 ارب روپے سے زیادہ کی فنانسنگ فراہم کی جا چکی ہے۔ مالی سال 2025-26 کے دوران بینکوں نے اس سہولت کے تحت 864 قرض لینے والوں کو 5 ارب روپے کے قرضے جاری کیے۔زرعی قرضوں کے نظام کو ڈیجیٹل اراضی ریکارڈ سے منسلک کرنے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں تاکہ زمین کی ملکیت کی تصدیق آسان بنائی جا سکے اور قرضوں کی منظوری کا عمل تیز ہو۔پنجاب میں 30 بینکوں کو پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے نظام سے منسلک کیا جا چکا ہے۔
جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران اس نظام کے ذریعے زمین کی ملکیت کی 143,583 دستاویزات، جنہیں فرد کہا جاتا ہے، جاری کی گئیں جبکہ 43,786 چارجز درج کیے گئے۔ اس سے بینکوں کو زرعی قرضوں کی کارروائی میں ڈیجیٹل اراضی ریکارڈ استعمال کرنے کی سہولت ملی۔سٹیٹ بینک نے بینکوں کو یہ ہدایت بھی کی تھی کہ وہ اکتوبر 2026 تک زرعی قرضے فراہم کرنے والی اپنی شاخوں کو پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے نظام سے منسلک کریں۔دریں اثنا اتھارٹی نے جون 2026 میں اپنے لینڈ مینجمنٹ پورٹل کے ذریعے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ متعارف کرایاجسے بینکاری نظام سے منسلک کرنے کا عمل جاری ہے۔
سرکاری دستاویزات میں فصلوں کے نقصانات سے تحفظ مضبوط بنانے کے لیے 20 اپریل 2026 کو متعارف کرائی گئی نظرثانی شدہ کراپ لون انشورنس اسکیم پلس کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں۔نظرثانی شدہ اسکیم کے تحت انشورنس کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے آلو کو بھی ان فصلوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جن کے لیے انشورنس کی سہولت دستیاب ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو)کے ذریعے قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا ٹیکنالوجی کی بنیاد پر جائزہ لینے کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔انشورنس کلیمز کی ادائیگی کی صلاحیت مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ انشورنس فراہم کرنے والی کمپنیوں کا کنسورشیم بھی قائم کیا گیا ہے۔سکیم کے تحت آمدن میں نقصان کی صورت میں مرد کسانوں کو ایک مرتبہ 15 ہزار روپے اور خواتین کسانوں کو 17 ہزار 500 روپے کی مالی معاونت فراہم کرنے کی سہولت بھی شامل ہے۔ذاتی حادثات کی انشورنس کی رقم مرد کسانوں کے لیے بڑھا کر 2 لاکھ 50 ہزار روپے اور خواتین کسانوں کے لیے 2 لاکھ 75 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔
وفاقی حکومت فصلوں اور مویشیوں کی متعلقہ انشورنس سکیموں کے تحت اہل قرض لینے والوں کے انشورنس پریمیئم کے اخراجات برداشت کرتی ہے۔مالی سال 2025-26 کے دوران وزارت خزانہ نے کراپ لون انشورنس سکیم کے تحت ایک ارب روپے اور لائیوسٹاک انشورنس سکیم فار بارورز کے تحت 14 کروڑ روپے کے انشورنس پریمیئم کلیمز کی ادائیگی کی۔موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی فنانسنگ بھی حکومت کی اہم پالیسی ترجیحات میں شامل ہو گئی ہے۔سٹیٹ بینک نے 2025 میں شروع کیے گئے ایک اقدام کے تحت تکنیکی معاونت کے لیے الائنس فار فنانشل انکلوژن کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔
اس اقدام میں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی طریقوں کے بارے میں رہنمائی، زرعی قرضوں کے لیے موسمیاتی خطرات کی درجہ بندی، گرین بینکنگ کے رہنما اصولوں کا جائزہ اور بینکوں کی استعداد کار میں اضافہ شامل ہے، تاکہ وہ زرعی فنانسنگ سے متعلق فیصلوں میں موسمیاتی عوامل کو بھی مدنظر رکھ سکیں۔یہ تمام اقدامات زرعی فنانسنگ کے نظام میں وسیع تر تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہیں، جس کے تحت روایتی بینکاری قرضوں کے ساتھ ڈیجیٹل نظام، انشورنس کے ذریعے تحفظ، ضمانت کے متبادل انتظامات اور موسمیاتی خطرات کے انتظام کو یکجا کیا جا رہا ہے۔
اسٹیٹ بینک نے چھوٹے کسانوں اور مالی سہولیات سے محروم علاقوں کے لیے رسک کوریج سکیم بھی متعارف کرائی ہے، تاکہ بینکوں کو زرعی قرضوں کی فراہمی بڑھانے کی ترغیب دی جا سکے۔اس سکیم کے تحت پنجاب اور سندھ کے چھوٹے کسانوں اور دیگر صوبوں کے تمام کسانوں کو قرض دینے پر بینکوں کو ابتدائی نقصانات کے خلاف 10 فیصد تک رسک کوریج فراہم کی جاتی ہے۔
سکیم کے تحت بینکوں کو ہر قرض لینے والے کے حساب سے 10 ہزار روپے کی سبسڈی بھی فراہم کی جاتی ہے، جسے ان کے زرعی قرض لینے والے صارفین کی تعداد میں سالانہ خالص اضافے سے مشروط کیا گیا ہے۔
اس سبسڈی کا مقصد نئے کسانوں کو بینکاری نظام میں شامل کرنے پر آنے والے اخراجات پورے کرنے میں بینکوں کی مدد کرنا ہے۔یہ سہولت مالی سال 2025-26 سے مالی سال 2027-28 تک تین سال کے لیے مؤثر رہے گی۔
