حکومت ڈیرہ بگٹی میں سڑکوں کے دو منصوبوں پر 25 کروڑ 67 لاکھ 60 ہزار روپے خرچ کرے گی
اسلام آباد۔25نومبر (اے بی سی):حکومت نے مالی سال27۔2026کے دوران ڈیرہ بگٹی ترقیاتی پیکج کے تحت دو پختہ سڑکوں کی تعمیر کے لیے 25 کروڑ 67 لاکھ 60 ہزار روپے مختص کیے ہیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب ایک سرکاری دستاویز کے مطابق حکومت بلوچستان آغاز حقوق بلوچستان پیکج (اے ایچ بی پی) کے تحت وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) سے مالی معاونت حاصل کرنے والے ان دونوں منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہے۔پہلے مرحلے کے تحت لہڑی سے سنگسیلہ تک پختہ سڑک کی تعمیر کے لیے 15 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ سوئی سے اوچ فیلڈ تک 57 کلومیٹر طویل پختہ سڑک کی تعمیر کے لیے 10 کروڑ 7 لاکھ 57 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔
لہڑی سنگسیلہ روڈ منصوبے کی مجموعی لاگت 84 کروڑ 10 لاکھ روپے ہے، جس میں سے 53 کروڑ 50 لاکھ روپے کے اجرا یا اخراجات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ مالی سال27۔2026کے لیے مزید 15 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کرنا منصوبے کے لیے مالی معاونت کے تسلسل کو ظاہر کرتا ہے۔ اس منصوبے سے علاقے میں سڑکوں کے رابطوں اور آمدورفت کی سہولیات میں بہتری متوقع ہے۔سوئی اوچ فیلڈ روڈ منصوبے کی مجموعی لاگت 79 کروڑ 77 لاکھ 10 ہزار روپے ہے، جس میں سے 54 کروڑ 69 لاکھ 53 ہزار روپے کے اجرا یا اخراجات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
حکومت نے رواں مالی سال کے دوران اس منصوبے کے لیے مزید 10 کروڑ 7 لاکھ 57 ہزار روپے مختص کیے ہیں۔ڈیرہ بگٹی ترقیاتی پیکج پانچ ترقیاتی منصوبوں پر مشتمل ہے، جن کی مجموعی لاگت تقریباً 3 ارب 51 کروڑ 90 لاکھ روپے ہے۔ ان منصوبوں میں نئی سڑکوں کی تعمیر، موجودہ سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور دیہات کو بجلی کی فراہمی شامل ہے۔ پانچ میں سے دو منصوبوں کے لیے ان کی مجموعی لاگت کے مساوی رقوم کا اجرا یا اخراجات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان میں ڈیرہ بگٹی کو پٹوک، حبیب راہی اور وڈیرہ کلی مرید سے ملانے والی پختہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ شامل ہے، جس کی لاگت 33 کروڑ 56 لاکھ 90 ہزار روپے ہے۔
دوسرا منصوبہ ڈیرہ بگٹی کے دیہات کو بجلی کی فراہمی سے متعلق ہے، جس کی مجموعی لاگت 95 کروڑ 23 لاکھ 53 ہزار روپے ہے۔سوئی ڈیرہ بگٹی روڈ کی بہتری اور ایک پختہ رابطہ سڑک کی تعمیر کے ایک اور منصوبے کی مجموعی لاگت 59 کروڑ 20 لاکھ 42 ہزار روپے ہے، جس میں سے 51 کروڑ 37 لاکھ 90 ہزار روپے کے اجرا یا اخراجات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
مجموعی طور پر پانچوں ترقیاتی منصوبوں کے لیے تقریباً 2 ارب 88 کروڑ 40 لاکھ روپے کے اجرا یا اخراجات ریکارڈ کیے گئے ہیں، جو ان منصوبوں کی مجموعی لاگت کا تقریباً 82 فیصد بنتے ہیں۔دستاویز کے مطابق مالی سال27۔2026کے دوران دیگر تین منصوبوں کے لیے کوئی نئی رقم مختص نہیں کی گئی، جبکہ 25 کروڑ 67 لاکھ 57 ہزار روپے کی تمام مختص رقم لہڑی سنگسیلہ اور سوئی اوچ فیلڈ روڈ کے منصوبوں کے لیے رکھی گئی ہے۔
