پاکستان میں آبی زراعت کی پیداوار 13 سال کے دوران 22.8 فیصد بڑھ گئی
اسلام آباد۔18نومبر (اے بی سی):پاکستان میں آبی زراعت کی پیداوار 2011 سے 2024 کے دوران 22.8 فیصد بڑھ گئی جو مچھلی کی فارمنگ میں بتدریج توسیع کی عکاسی ہے، اس اضافے سے ملک میں مچھلی کی مقامی فراہمی بڑھانے اور ماہی پروری کی صنعت کو ترقی دینے کے نئے مواقع بھی سامنے آئے ہیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب پاکستان بزنس کونسل کی تحقیقی رپورٹ ’’پاکستان کا آبی زراعت کا شعبہ: برآمدی مسابقت بہتر بنانے کے مواقع، چیلنجز اور پالیسی سفارشات‘‘ کے مطابق آبی زراعت کی پیداوار 2011 میں 141,935 میٹرک ٹن سے بڑھ کر 2024 میں 174,338 میٹرک ٹن تک پہنچ گئی جو 32,403 میٹرک ٹن کا اضافہ ہے۔
رپورٹ میں اس ترقی کی بنیادی وجوہات مچھلی کی بڑھتی طلب، میٹھے پانی کے وسائل کا بہتر استعمال اور مچھلی کی فارمنگ کے طریقوں اور بنیادی ڈھانچے میں بتدریج بہتری کو قرار دیا گیا ہے،تاہم رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور معاون حکومتی پالیسیوں کے ذریعے اس شعبے میں مزید توسیع کے وسیع امکانات موجود ہیں۔پاکستان کے ماہی پروری کے شعبے کی تخمینی مالیت 1.3 ارب ڈالر ہے جبکہ یہ قومی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں 0.3 فیصد اور زرعی جی ڈی پی میں 1.29 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔بحیرہ عرب کے ساتھ پاکستان کی 1,050 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی کے علاوہ دریاؤں، جھیلوں، نہروں، آبی ذخائر، سیلابی میدانوں اور مچھلی کے فارموں کی موجودگی ملک میں مچھلی کی پیداوار بڑھانے خصوصاً آبی زراعت کو فروغ دینے کے نمایاں مواقع فراہم کرتی ہے۔
2022 میں پاکستان میں ماہی پروری کی مجموعی پیداوار 666,245 میٹرک ٹن رہی جس میں سمندر سے قدرتی طور پر پکڑی جانے والی مچھلی کا حصہ 349,292 میٹرک ٹن یا 52.4 فیصد تھا۔دریاؤں، جھیلوں اور دیگر اندرون ملک آبی ذخائر سے پکڑی جانے والی مچھلی کی پیداوار 150,753 میٹرک ٹن رہی جو مجموعی پیداوار کا 22.6 فیصد بنتی ہے،اس کے مقابلے میں آبی زراعت کے ذریعے 166,200 میٹرک ٹن مچھلی پیدا کی گئی جو ملک کی مجموعی پیداوار کا 24.9 فیصد تھی۔ان اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں پیدا ہونے والی تقریباً ہر چار ٹن مچھلی میں سے ایک ٹن مچھلی فارموں سے حاصل ہوتی ہے جو ماہی پروری کی مجموعی پیداوار میں آبی زراعت کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
پیداواری اعدادوشمار اندرون ملک ماہی گیری اور آبی زراعت کی جانب بتدریج بڑھتے رجحان کی بھی نشاندہی کرتے ہیں۔ 2015 میں سمندر سے پکڑی جانے والی مچھلی کی پیداوار 377,141 میٹرک ٹن تھی جو 2022 میں کم ہو کر 349,292 میٹرک ٹن رہ گئی،اس کے برعکس اسی عرصے کے دوران آبی زراعت کی پیداوار 151,147 میٹرک ٹن سے بڑھ کر 166,200 میٹرک ٹن تک پہنچ گئی۔اندرون ملک قدرتی آبی ذخائر سے مچھلی پکڑنے کے شعبے میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جہاں پیداوار 132,365 میٹرک ٹن سے بڑھ کر 150,753 میٹرک ٹن ہو گئی۔سال 2018 اور 2019 میں کمی کے بعد ماہی پروری کی مجموعی پیداوار میں 2020 سے 2022 تک دوبارہ سالانہ مثبت شرح نمو ریکارڈ کی گئی جبکہ 2022 میں پیداوار میں مزید 0.75 فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق ماہی پروری اور آبی زراعت کی مجموعی پیداوار میں صوبوں کے لحاظ سے سندھ کا حصہ سب سے زیادہ 46.3 فیصد ہے جبکہ بلوچستان 30.2 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے،پنجاب کا حصہ 22.8 فیصد اور خیبرپختونخوا کا 0.7 فیصد ہے۔
اس طرح سندھ اور بلوچستان کا مجموعی حصہ 76.5 فیصد بنتا ہے جو پاکستان کے ماہی پروری کے شعبے میں ساحلی ماہی گیری کے غالب کردار کو ظاہر کرتا ہے۔ دوسری جانب پنجاب اندرون ملک مچھلی کی فارمنگ کا ایک بڑا مرکز ہے۔ نہری آبپاشی کا وسیع نظام اور موزوں زرعی زمین اسے ملک میں اندرون ملک آبی زراعت کی پیداوار میں سب سے زیادہ حصہ ڈالنے والا صوبہ بناتے ہیں۔خیبرپختونخوا میں بھی ٹراؤٹ مچھلی کی فارمنگ کے نمایاں مواقع موجود ہیں خصوصاً پہاڑی علاقوں کے ٹھنڈے پانی والے ندی نالوں میں جہاں زیادہ تجارتی قدر رکھنے والی مچھلی پیدا کی جا سکتی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سمندری ماہی گیری کو ضرورت سے زیادہ مچھلی پکڑنے، وسائل کی محدود دستیابی اور ماحولیاتی چیلنجز کے باعث بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا ہے، اس صورتحال میں آبی زراعت کو وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔رپورٹ میں وسائل کے بہتر استعمال، جدید ٹیکنالوجی، سپلائی چین میں بہتری، مچھلی کی مصنوعات کی دستیابی میں اضافے اور صارفین میں آگاہی کے فروغ کو اس شعبے کی مزید ترقی کے لیے اہم عوامل قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ پاکستان میں مچھلی کا نسبتاً کم مقامی استعمال آبی زراعت کی ترقی کے لیے چیلنج ہونے کے ساتھ موقع بھی فراہم کرتا ہے۔مچھلی کی دستیابی بہتر بنانے اور صارفین میں اس کی غذائی اہمیت کے بارے میں آگاہی بڑھانے سے مقامی طلب میں اضافہ کیا جا سکتا ہے جس سے آبی زراعت کے شعبے کی مزید ترقی میں مدد مل سکتی ہے۔
