پاکستان کا فیصل آباد، اسلام آباد اور غازی بروتھا میں بجلی کے گرڈ نظام کی بڑے پیمانے پر اپ گریڈیشن کا منصوبہ
اسلام آباد۔4 ستمبر (اے بی سی):پاکستان نے پاور ٹرانسمیشن سٹرینتھننگ پراجیکٹ-II (پی ٹی ایس پی-II) کے تحت فیصل آباد ویسٹ، اسلام آباد ویسٹ اور غازی بروتھا گرڈ سٹیشنز پر بجلی کی ترسیل کے اہم بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق مجوزہ ترقیاتی کاموں میں فیصل آباد ویسٹ گرڈ سٹیشن کو دو 500 کلو وولٹ لائن بے کے ذریعے اپ گریڈ کرنا اور تین بڑے گرڈ سٹیشنز پر 111 ایم وی اے آر شنٹ ری ایکٹرز کی تنصیب شامل ہے۔دستاویزات کے مطابق شنٹ ری ایکٹرز فیصل آباد ویسٹ گرڈ سٹیشن، اسلام آباد ویسٹ گرڈ سٹیشن اور غازی بروتھا گرڈ سٹیشن پر نصب کئے جائیں گے۔
‘منصوبے میں مجوزہ ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر کے کاموں کے تحت اسلام آباد ویسٹ گرڈ سٹیشن پر دو 220 کلو وولٹ ٹرانسمیشن لائنیں بھی شامل ہیں۔ان ترقیاتی کاموں کے لئے پی ٹی ایس پی-II کے تحت ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کی جانب سے 4 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا رعایتی قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔اس فنانسنگ کی شناخت اے ڈی بی قرض نمبر 4692-PAK کے طور پر کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق قرض کے معاہدے پر 25 دسمبر 2025 کو دستخط کئے گئے اور یہ 24 مارچ 2026 کو مؤثر ہوا۔ قرض کی اختتامی تاریخ 31 دسمبر 2031 مقرر ہے۔دستاویزات کے مطابق 4 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی پوری فنانسنگ اس وقت تک استعمال نہیں ہوئی۔مجوزہ کاموں میں ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن کا بنیادی ڈھانچہ شامل ہے جس میں متعلقہ گرڈ سٹیشنز پر 500 کلو وولٹ لائن بے، 220 کلو وولٹ ٹرانسمیشن لائنیں اور ری ایکٹو پاور آلات شامل ہیں۔
