وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کایکطرفہ اور غیرقانونی اقدام اقوامِ متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہےجسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔منگل کویومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی، حقِ خودارادیت اور ان کی جائز جدوجہد کی حمایت پاکستان کے اصولی مؤقف اور قومی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اورپائیدار حل کے لئے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔سینیٹر ڈاکٹرمصدق ملک نے عالمی برادری بالخصوص اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے مؤثر کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان امن، انصاف اور بین الاقوامی قوانین کےاحترام پر یقین رکھتا ہے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا اور ہر قومی، علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر ان کے حقِ خودارادیت اور بنیادی حقوق کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔
کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت پاکستان کے اصولی مؤقف اور قومی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے، سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک

