وزیر اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے مدینہ منورہ سے پاکستان روانہ ہو گئے۔
ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق مدینہ ائیر پورٹ پر گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز آلسعود نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔ دورے کے دوران وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آلسعود اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کئے جس سے تینوں ممالک کے دفاعی تعاون و برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے دورے کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کی اور مسجد نبوی میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری بھی دی۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف،وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی دورہ سعودی عرب میں وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔

