حکومت نے پیٹرول فی لیٹر 94 پیسے سستا، ڈیزل 54 پیسے مہنگا کردیا
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 94 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 54 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 94 پیسے فی لیٹر کم ہونے کے بعد 324 روپے 98 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 54 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 382 روپے 79 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی سے عام صارفین کو محدود ریلیف ملے گا، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ اور مال برداری کے شعبے پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں، شرح تبادلہ اور مقامی ٹیکسوں و لیویز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔
