مکہ مکرمہ( اے پی پی) حرمین شریفین کے امور کی دیکھ بھال کیلئے قائم جنرل اتھارٹی نے مسجد الحرام میں آبِ زمزم کی فراہمی کے نظام کو مزید جدید اور مؤثر بنانے کیلئے خصوصی اقدامات شروع کر دیے ہیں تاکہ حج سیزن 1447 ہجری کے دوران ضیوفِ رحمن کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اتھارٹی کے مطابق زمزم مشربیات کی استعداد بڑھانے اور سروس پوائنٹس میں توسیع کا مقصد زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر آبِ زمزم کی فراہمی کو مزید تیز، منظم اور مؤثر بنانا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پانی کے ضیاع میں کمی، رش کے اوقات میں فوری فراہمی اور مسجد الحرام و اس کے صحنوں میں مسلسل معیاری سروس یقینی بنائی جا رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت مسجد الحرام میں 169 زمزم مشربیات فعال ہیں، جبکہ روزانہ تقریباً 14 ہزار 892 ٹھنڈے اور گرم پانی کے کنٹینرز استعمال کیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح نمازیوں اور زائرین کیلئے روزانہ 21 لاکھ 46 ہزار سے زائد کپ فراہم کیے جاتے ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق آبِ زمزم کا یومیہ اوسط استعمال 1622 مکعب میٹر تک پہنچ چکا ہے، جبکہ پانی کے معیار اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے روزانہ 70 نمونوں کی جانچ بھی کی جاتی ہے۔اتھارٹی نے بتایا کہ جدید آپریشنل نظام کے تحت مختلف مقامات پر طلب اور ضرورت کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ تقسیم کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور خدمات کی روانی برقرار رہے۔جنرل اتھارٹی کے مطابق نئی اصلاحات سے آبِ زمزم کے مقامات پر رش میں کمی، مسجد الحرام میں زائرین کی نقل و حرکت میں بہتری اور خدمات کے پائیدار نظام کو فروغ ملے گا، جس سے ضیوفِ رحمن کو زیادہ آرام دہ اور منظم ماحول میسر آئے گا۔

