ریاض( اے پی پی) سعودی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ حج پرمٹ کے بغیر حج کی کوشش کرنے والوں یا مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں داخل ہونے والوں کیلئے وزٹ ویزہ جاری کرانے والے افراد پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ جرمانہ ہر اُس شخص پر لاگو ہوگا جو کسی ایسے فرد کیلئے کسی بھی قسم کا وزٹ ویزہ حاصل کرنے کی درخواست دے گا جو بغیر اجازت حج کرنے، مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات میں داخل ہونے یا وہاں قیام کی کوشش کرے۔ وزارت نے واضح کیا کہ خلاف ورزی میں ملوث افراد کی تعداد کے مطابق جرمانوں میں بھی اضافہ ہوگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حج 1447 ہجری کے دوران ضیوفِ رحمن کے امن، سلامتی اور سہولت کو یقینی بنانے کیلئے تمام شہریوں اور رہائشیوں کو جاری کردہ ہدایات اور ضوابط پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ وزارت نے خبردار کیا کہ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقررہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سعودی وزارتِ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ وزارت کے مطابق مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں 911 جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

