وزیراعظم محمد شہباز شریف 6 سے 8 اگست تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا شامل ہوں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اردن میں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کے بعد مدینہ المنورہ میں مختصر قیام کے بعد وفد میں شامل ہوں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات ہوگی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور بارے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بیان کے مطابق یہ دورہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی اس دیرینہ شراکت داری کا مظہر ہے جو کئی دہائیوں پر محیط باہمی اعتماد، تعاون اور برادرانہ تعلقات پر استوار ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ یہ دورہ خلیج کے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں ہورہا ہے تاہم اس کی اہمیت فوری بحرانوں اور قلیل مدتی حالات سے کہیں بڑھ کر ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے، باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر قریبی رابطے کو وسعت دینے اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا

