ایچ ای سی جون میں بلاک چین پر مبنی ڈگری تصدیق کا نظام شروع کرے گا

اسلام آباد۔13مارچ (اے بی سی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) جون 2026 میں بلاک چین پر مبنی ڈگری تصدیق کے نظام کا پہلا مرحلہ شروع کرنے جا رہا ہے تاکہ تصدیق کے عمل کو آسان، زیادہ محفوظ اور آن لائن قابل رسائی بنایا جا سکے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق ایچ ای سی نے ڈگری تصدیق اور مساوات کے عمل میں شفافیت، کارکردگی اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔زیرِ تیاری نئے نظام کے تحت ایک محفوظ اور مضبوط بلاک چین فریم ورک متعارف کرایا جائے گا جس کا مقصد تمام جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے تعلیمی ریکارڈ کو ایک مرکزی پلیٹ فارم پر مربوط اور منسلک کرنا ہے۔اس اقدام کا مقصد درخواست دہندگان کو تصدیق اور توثیق کے لئے جامعات کے ذاتی دوروں کی ضرورت ختم کرنا ہے۔

مجوزہ نظام کے تحت جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو خصوصی ڈیش بورڈ فراہم کئے جائیں گے جن کے ذریعے وہ درخواست گزاروں کے تعلیمی ڈیٹا کی محفوظ طریقے سے تصدیق اور توثیق کر سکیں گے۔ یونیورسٹی سطح پر تصدیق مکمل ہونے کے بعد کیسز خودکار طریقے سے مزید کارروائی کے لیے ایچ ای سی کو بھیج دیئے جائیں گے۔ایچ ای سی کی جانب سے تصدیق اور توثیق کے بعد طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ بلاک چین پر ناقابلِ ترمیم اور قابلِ تصدیق ڈیجیٹل اسناد کی شکل میں محفوظ کر دیئے جائیں گے۔ طلبہ کو اپنے تعلیمی ریکارڈ تک ڈیجیٹل صورت میں براہِ راست رسائی حاصل ہوگی جسے وہ کسی بھی وقت اور کہیں بھی محفوظ انداز میں آجر اداروں، تعلیمی اداروں یا متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر اور تصدیق کرا سکیں گے۔

توقع ہے کہ بلاک چین فریم ورک جعلسازی، جعلی دستاویزات اور تصدیق میں تاخیر کو نمایاں حد تک کم کرے گا جبکہ ڈیٹا کی درستگی، ناقابلِ تبدیلی حیثیت اور حقیقی وقت میں اسناد کی تصدیق کو یقینی بنائے گا۔ایچ ای سی کے مطابق بلاک چین سے فعال ڈگری تصدیق کے نظام کا پہلا مرحلہ 30 جون 2026 تک شروع کئے جانے کی توقع ہے جو پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اسناد کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے اور مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے