اسلام آباد۔17مارچ (اے بی سی):حکومت سندھ نے پرائمری سطح پر تدریس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اپنے اہم تعلیمی اصلاحاتی پروگرام کے تحت 21 ہزار 500 اساتذہ کو تربیت فراہم کی ہے،یہ اقدام ’’سندھ ارلی لرننگ انہانسمنٹ تھرو کلاس روم ٹرانسفارمیشن (سیلیکٹ)‘‘ منصوبے کا حصہ ہے، جو تعلیم کے شعبے میں ایک بڑا پروگرام ہے اور اس کا مقصد پرائمری سکولوں کے طلبہ میں بنیادی خواندگی اور ریاضی کی مہارتوں کو مضبوط بنانا ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق اس منصوبے کی مجموعی لاگت 167.21 ملین ڈالر ہے اور اسے اپریل 2026 تک مکمل ہونا تھا، تاہم اس کی مدت بڑھا کر اپریل 2027 تک کرنے کی درخواست بھی دی جا چکی ہے۔اس پروگرام کے تحت اساتذہ نے کنٹینیوئس پروفیشنل ڈویلپمنٹ (سی پی ڈی) کے مختلف تربیتی مراحل مکمل کیے، جن میں جدید تدریسی طریقوں، کلاس روم میں طلبہ کی بہتر شمولیت اور کم عمر طلبہ کے تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی۔
منصوبے کے مطابق اساتذہ کی تربیت اس پروگرام کا ایک اہم حصہ ہے کیونکہ ابتدائی جماعتوں میں تدریس کے معیار میں بہتری طلبہ کی طویل المدتی تعلیمی کارکردگی پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے۔ یہ منصوبہ سندھ کے 12 اضلاع میں نافذ کیا جا رہا ہے، جہاں دیہی اور شہری دونوں علاقوں کے سکول شامل ہیں تاکہ مختلف سماجی و معاشی پس منظر سے تعلق رکھنے والے بچوں کو بہتر تدریسی طریقوں کا فائدہ پہنچ سکے۔اساتذہ کی تربیت کے ساتھ ساتھ منصوبے کے تحت گریڈ ایک سے پانچ کے طلبہ اور اساتذہ میں چار لاکھ 67 ہزار 385 سیٹ ٹیچنگ اینڈ لرننگ میٹیریلز بھی تقسیم کیے گئے ہیں تاکہ کلاس روم میں تعلیم کو زیادہ مؤثر اور باہمی تعامل پر مبنی بنایا جا سکے۔
منصوبے کی دستاویز کے مطابق سیلیکٹ پروگرام کے ذریعے اب تک 10 ہزار 993 سکولوں تک رسائی حاصل کی جا چکی ہے جبکہ ہدف شدہ اضلاع میں تقریباً 7 لاکھ 41 ہزار 591 طلبہ اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی مواد کی فراہمی کے علاوہ اس منصوبے میں تعلیمی انفراسٹرکچر کی بہتری بھی شامل ہے، جس کے تحت 295 پرائمری سکولوں کو اپ گریڈ کرکے ایلیمنٹری اور سیکنڈری سطح تک لایا جا رہا ہے۔ ان سکولوں میں تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے جن میں سے 190 تعلیمی سہولیات اپریل 2026 تک حوالے کیے جانے کے لیے تیار ہوں گی، جبکہ باقی 105 سکولوں کی تکمیل اکتوبر 2026 تک متوقع ہے۔
پروگرام میں طلبہ کی تعلیمی سطح کا جائزہ لینے کے لیے ارلی گریڈ ریڈنگ اسیسمنٹ (ایگرا) اور ارلی گریڈ میتھمیٹکس اسیسمنٹ (ایگما) بھی شامل ہیں، جن کے ذریعے منصوبے کے دوران طلبہ کی پیش رفت کی نگرانی کی جاتی ہے۔توقع ہے کہ یہ منصوبہ اپریل 2026 تک تکمیل کی جانب بڑھتے ہوئے پرائمری تعلیم کو مضبوط بنانے اور بعد کی تعلیمی سطحوں پر سکول چھوڑنے کی شرح کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

