اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد جیپ کلب (IJC) کے انتخابات مکمل ہو گئے، جس کے نتیجے میں دو سالہ مدت کے لیے 13 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی منتخب کر لی گئی۔
نو منتخب ایگزیکٹو کمیٹی کا ایک خصوصی اجلاس سابق صدر ڈاکٹر ندیم نعیم کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، جہاں مختلف اہم عہدوں کے لیے انتخاب کا عمل مکمل کیا گیا۔
اجلاس میں ڈاکٹر احسان کیانی کو صدر، اسداللہ مروت کو نائب صدر، عمران احمد کو جنرل سیکرٹری، حسن عزیز کو فنانس سیکرٹری، سید عمران حیدر کو میڈیا سیکرٹری جبکہ سید طفیل احمد کو جوائنٹ سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔
اس موقع پر نو منتخب عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اسلام آباد جیپ کلب کی 26 سالہ شاندار روایت کو مزید مضبوط بناتے ہوئے پاکستان میں آف روڈنگ، ایڈونچر اسپورٹس اور ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
اسلام آباد جیپ کلب کے بانی عامر ملک نے اپنے تہنیتی پیغام میں تمام نو منتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کلب کی کامیابی، ترقی اور نئی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد جیپ کلب گزشتہ تقریباً 26 برسوں سے پاکستان میں آف روڈ کلچر کے فروغ میں سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔ کلب ملک کے مختلف علاقوں میں باقاعدگی سے آف روڈ مہمات کا انعقاد کرتا ہے اور قومی سطح کی ریلیوں میں بھی بھرپور شرکت کرتا ہے۔
کلب کی سرگرمیوں میں ماؤنٹینئرنگ، سمر وِنٹر کیمپس، فیملی ایڈونچر ٹرپس اور نوجوانوں کے لیے صحت مند تفریحی پروگرام بھی شامل ہیں، جن کا مقصد ماحولیاتی آگاہی، ٹیم ورک اور محفوظ ایڈونچر سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
اسلام آباد جیپ کلب سماجی فلاح و بہبود اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ سیلاب، قدرتی آفات یا ہنگامی صورتحال میں کلب کے اراکین نے امدادی سرگرمیوں، ریسکیو سپورٹ، راشن کی تقسیم اور بحالی کے کاموں میں بھرپور حصہ لیا۔
نو منتخب قیادت نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دو برسوں میں اسلام آباد جیپ کلب کو مزید مضبوط اور جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں آف روڈنگ اور ایڈونچر سرگرمیوں کو نئی سمت دی جا سکے۔

