اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):حکومت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) 2025-26 کے تحت بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 11.4 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں جن میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے، شہری بحالی اور پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق بلوچستان کے منصوبوں کے لیے 19.197 ارب روپے کے نظرثانی شدہ فنڈز مختص کیے گئے تھے جن کے مقابلے میں 6 مئی 2026ء تک 11.405 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔زیادہ فنڈ حاصل کرنے والے منصوبوں میں خانی کراس سے زیارت اور پھر سنجاوی تک 124 کلومیٹر طویل سڑک کی بحالی اور تعمیر نو شامل ہے جس کے لیے 2.5 ارب روپے کے نظرثانی شدہ فنڈز میں سے 1.5 ارب روپے جاری کیے گئے۔دستاویزات کے مطابق بادینی کے علاقے میں پاک افغان سرحد پر بارڈر ٹرمینل کی تعمیر کے فزیبلٹی مطالعے اور قلعہ سیف اللہ ضلع میں اوباشتائی سے کہان ڈگر (مین بادینی روڈ) تک سڑک کی تعمیر کے لیے 902.65 ملین روپے جاری کیے گئے۔
اس منصوبے کے لیے نظرثانی شدہ فنڈز 1.34 ارب روپے مقرر کیے گئے تھے۔اسی نظرثانی شدہ فنڈنگ کے تحت سوئی سے کشمور تک سڑک کی تعمیر کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے گئے۔گوادر سے متعلق منصوبوں کو بھی جاری فنڈز میں نمایاں حصہ ملا۔ مالی سال 2025-26 کے لیے 400 ملین روپے کی نظرثانی شدہ رقم میں سے گوادر اولڈ ٹائون بحالی منصوبے کے لیے 359.949 ملین روپے جاری کیے گئے تاکہ ساحلی شہر کے شہری ڈھانچے کو بہتر بنایا جا سکے۔گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی بزنس پلان منصوبے کے لیے 250 ملین روپے کے نظرثانی شدہ فنڈز میں سے 75 ملین روپے جاری کیے گئے جبکہ گوادر سیف سٹی منصوبے کو 1.5 ارب روپے کی مکمل نظرثانی شدہ رقم فراہم کر دی گئی۔پی ایس ڈی پی کے اعداد و شمار کے مطابق سبی-ٹلی اور کوہلو-رخنی سڑکوں کی تعمیر کے لیے 500 ملین روپے کی مکمل نظرثانی شدہ رقم جاری کی گئی۔
درگئی شبوزئی سے تونسہ روڈ کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کے لیے بھی 750 ملین روپے کی مکمل رقم جاری کی گئی۔ پنجگور-گچک-آواران روڈ کی تعمیر کے لیے 1.9 ارب روپے میں سے 1.5 ارب روپے جاری کیے گئے جبکہ پنجگور میں ناگ-گچک روڈ کے لیے 200 ملین روپے فراہم کیے گئے۔زیارت ٹائون کی ترقی کے منصوبے کے لیے 300 ملین روپے جاری کیے گئے۔ خنوزئی سے لورالائی اور قلعہ سیف اللہ تک سپیرا راغہ روڈ کی توسیع اور بہتری کے لیے 200 ملین روپے کی مکمل نظرثانی شدہ رقم فراہم کی گئی۔گوادر میں میٹھے پانی کی صفائی، پانی کی فراہمی اور تقسیم سمیت بنیادی سہولیات کے منصوبے کے لیے 470 ملین روپے میں سے 142 ملین روپے جاری کیے گئے۔
کلی سردار عبدالرحیم خلجی، تفتان سے چاغی تک بلیک ٹاپ سڑک کی تعمیر کے لیے 75 ملین روپے کی مکمل رقم جاری کی گئی۔ اسی طرح ژوب سے میختر تک بلیک ٹاپ سڑک کی تعمیر کے لیے بھی 75 ملین روپے فراہم کیے گئے۔ڈیرہ بگٹی میں بیکر سے مری ٹاپ تک سڑک کی تعمیر کے لیے 25 ملین روپے جاری کیے گئے جبکہ پنجگور میں چیڈگی سے ایرانی سرحد تک سڑک اور لورالائی ناردرن بائی پاس روڈ کے لیے 75،75 ملین روپے جاری کیے گئے۔دستاویزات کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران بلوچستان کے پی ایس ڈی پی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 24.492 ارب روپے مختص کیے گئے جبکہ مجاز فنڈز کی مالیت 19.197 ارب روپے رہی۔

