اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) اسلام آباد یاسمین فاطمہ سے ان کے دفتر میں خیرسگالی ملاقات کی جس میں ٹیکس انتظامیہ اور کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے، رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کے فروغ، ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور شفاف، موثر اور کاروبار دوست ٹیکس نظام کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں آر ٹی او اسلام آباد کے تمام زونز کے کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر (ہیڈکوارٹر)، سٹاف آفیسر ٹو چیف کمشنر اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ آئی سی سی آئی کے وفد میں ایگزیکٹو بورڈ کے رکن محمد ذوالقرنین عباسی سمیت کاروباری برادری کے نمائندے بھی شامل تھے۔
اجلاس میں کاروباری طبقے کے لیے ٹیکس نظام کو مزید آسان اور موثر بنانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ انکم ٹیکس ریٹرن 2026 جمع کرانے، ایس آر او 1166(I)/2026 کے تحت چھوٹے تاجروں کی سہولت اور نیشنل ٹیکس نمبر (این ٹی این) کے حصول کے لیے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خصوصی ٹیکس فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کیا جائے گا۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئی سی سی آئی اور شہر کے مختلف تجارتی مراکز میں مشترکہ آگاہی سیشنز منعقد کیے جائیں گے تاکہ تاجروں کو نئے ٹیکس اقدامات، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور ٹیکس قوانین سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی جا سکے اور ٹیکس نظام کو مزید آسان بنایا جا سکے۔
اجلاس میں اسلام آباد کے ریئل اسٹیٹ اور سروسز سیکٹر کی سیکٹرل مانیٹرنگ، ایس آر او 428(I)/2024 کے تحت پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) انٹیگریشن، فیس لیس آڈٹ نظام، ٹیکس دہندگان کی شکایات کے بروقت ازالے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے عملی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر چیف کمشنر آر ٹی او اسلام آباد یاسمین فاطمہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آر ٹی او اسلام آباد ایک شفاف، موثر اور ٹیکس دہندگان دوست ادارے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ آر ٹی او اسلام آباد ’’سہولت پہلے، نفاذ بعد میں‘‘ کے اصول پر یقین رکھتا ہے اور آئی سی سی آئی کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ٹیکس طریقہ کار کو مزید آسان، ٹیکس دہندگان کی سہولیات کو بہتر اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کے رجحان کو فروغ دیتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام کمپلائنٹ ٹیکس دہندگان کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے چیف کمشنر یاسمین فاطمہ اور ان کی ٹیم کے کاروبار دوست، فعال اور مثبت طرزِ عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل رابطہ اور سہولت پر مبنی اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی میں ٹیکس فیسلیٹیشن ڈیسک کا قیام، آگاہی سیشنز کا انعقاد اور نمایاں ٹیکس دہندگان کو شیلڈز دے کر ان کی حوصلہ افزائی جیسے اقدامات بالخصوص چھوٹے تاجروں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوں گے اور انہیں اپنی ٹیکس ذمہ داریاں بہتر انداز میں سمجھنے اور بروقت ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں مدد ملے گی۔
سردار طاہر محمود نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور نمائندہ کاروباری تنظیموں کے درمیان مستقل مشاورت ہی کاروباری برادری کے حقیقی مسائل کے حل، ٹیکس نظام پر اعتماد کے فروغ اور معیشت کی موثر دستاویزی شکل کو یقینی بنا سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی آئی حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان ایک مضبوط رابطہ کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھتے ہوئے پائیدار معاشی ترقی، ٹیکس کلچر کے فروغ اور کاروبار میں آسانی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

