صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ردّ الفتنہ 3 پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدرمملکت نے واشک اور مستونگ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں سکیورٹی فورسز کے عزم اور مہارت کا مظہر ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کار پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن ہیں، ان کے مذموم عزائم ہر صورت ناکام بنائے جائیں گے۔
صدر مملکت نے دعا کی کہ اللّہ تعالیٰ پاکستان کے ہر گوشے کو امن و استحکام اور ہماری سیکیورٹی فورسز کو ہر محاذ پر کامیابی عطا فرمائے۔

