جادہ اسکولز کا آزادی کپ فٹسال ٹورنامنٹ 2026 کرانے کا اعلان

جادہ اسکولز کا آزادی کپ فٹسال ٹورنامنٹ 2026 کرانے کا اعلان
جادہ اسکولز کا آزادی کپ فٹسال ٹورنامنٹ 2026 کرانے کا اعلان

لاہور، 21 جولائی (اے بی سی): جادہ اسکولز نے ملک میں کھیلوں کے فروغ اور طلبہ میں صحت مند سرگرمیوں کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے جشنِ آزادی کے سلسلے میں آزادی کپ فٹسال ٹورنامنٹ 2026 کے دوسرے ایڈیشن کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹس 30 جولائی سے 9 اگست تک لاہور کے مختلف کیمپسز میں منعقد ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پہلا فٹسال ٹورنامنٹ 30 جولائی سے 2 اگست تک جادہ اسکولز سنٹرل پارک کیمپس کے فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹورنامنٹ 7 سے 9 اگست تک جادہ اسکولز بحریہ ٹاؤن کیمپس کے فٹسال گراؤنڈ میں منعقد ہوگا۔

منتظمین کے مطابق دونوں ٹورنامنٹس کی فاتح ٹیموں کو 50،50 ہزار روپے جبکہ رنرز اپ ٹیموں کو 20،20 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹس میں شرکت کے لیے لاہور بھر سے 30 سے زائد فٹبال کلب اپنی رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جبکہ مزید ٹیموں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

جادہ اسکولز کے بانی اسامہ نصیر نے اس موقع پر کہا کہ نئی نسل میں اسکرین ٹائم کے بڑھتے ہوئے رجحان کو کم کرنے کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا، "اگر ہم نوجوان نسل کو اسکرین کے غیر ضروری استعمال سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ آزادی کپ فٹسال ٹورنامنٹس کے ذریعے ہم نہ صرف جسمانی سرگرمیوں اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا چاہتے ہیں بلکہ طلبہ میں پاکستان سے محبت، قومی یکجہتی اور جشنِ آزادی کی اقدار کو بھی اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ جادہ اسکولز میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی نشوونما، ٹیم ورک، قائدانہ صلاحیتوں اور کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے، اور آزادی کپ فٹسال ٹورنامنٹ اسی وژن کا حصہ ہے۔

Related Post