وزیراعظم محمد شہباز شریف بہاولپور میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ اور ان کے بھائی ملک منیر اقبال چنڑ کی رہائش گاہ گئے اور ان سے اور خاندان کے دیگر افراد سے رکن قومی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔پیر کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر بہاولپور سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و پنجاب اسمبلی اور دیگر سیاسی زعما بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر پاور سردار اویس لغاری اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔وزیر اعظم نے مرحوم کی پارٹی کے ساتھ وفاداری کو سرا ہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلم لیگ( ن) میں بطور سیاسی لیڈر نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے بطور رکن قومی اسمبلی عوامی فلاح و بہبود کے لیے گرانقدر خدمات سر انجام دیں۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔
وزیراعظم کی ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی اور ان کے بھائی کی رہائش گاہ آمد، ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہارکیا

