صوبائی حکومت کی جانب سے پنجاب میں کمرشل پولٹری صنعت کے لئے بلاسود قرضوں پر غور

لاہور۔19فروری (اے بی سی):حکومت پنجاب کمرشل پولٹری سیکٹر میں کاروباری افراد کو بلاسود قرضے فراہم کرنے پر غور کر رہی ہے ،یہ سہولت خاص طور پر ویلیو ایڈیشن یونٹس جیسے پروسیسنگ پلانٹس اور کولڈ سٹوریج سہولیات کے قیام کے لئے فراہم کی جائے گی، اس کے ساتھ ساتھ جدید ترین مشینری کی درآمد میں سہولت دینے کے امکانات بھی زیرِ غور ہیں۔ڈائریکٹر جنرل (ریسرچ) محکمہ لائیوسٹاک پنجاب ڈاکٹر سجاد حسین کشفی نے کہا کہ اس حوالے سے پالیسی مرتب کرنے کے لئے مختلف سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔پولٹری سیکٹر پنجاب کی معیشت کا ایک اہم ستون ہے، پاکستان میں مجموعی پولٹری فارمنگ کا 70 فیصد سے زائد انڈوں کی پیداوار کا 80 فیصد، فیڈ کی پیداوار کا 85 فیصد اور تمام پولٹری پروسیسنگ یونٹس پنجاب میں واقع ہیں۔

ویلتھ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سجاد حسین کشفی نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تحقیق کر رہا ہے اور متعلقہ قوانین و ضوابط کے نفاذ کے ذریعے کاروبار دوست ماحول کو فروغ دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولٹری کا گوشت مٹن، بیف اور دالوں کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری سیکٹر میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ اشیائے ضروریہ اور مجموعی غذائی تحفظ پر منفی اثرات ڈال سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (پی آر آئی) راولپنڈی اپنے وسیع صوبائی نیٹ ورک کے ذریعے فارمز کو تشخیصی خدمات فراہم کر رہا ہے، ادارہ فارم ورکرز کو فلاک مینجمنٹ کی تربیت بھی دیتا ہے اور بیماریوں کی روک تھام و علاج کے لئے توسیعی خدمات فراہم کرتا ہے۔

ویلتھ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن (پی پی اے) کے سابق مرکزی چیئرمین ڈاکٹر عبد الکریم بھٹی نے کہا کہ صرف پنجاب میں 700 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کے ساتھ اس شعبے نے خصوصاً دیہی علاقوں میں تقریباً 15 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اندازاً 4,866 لیئر فارمز، 17,405 برائلر فارمز اور متعدد ہائی ڈینسٹی کنٹرولڈ شیڈز موجود ہیں جو 25 کروڑ سے زائد آبادی کے لئے سستا سفید گوشت اور انڈوں کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ڈاکٹر عبدالکریم بھٹی نے دستاویزی اور حفظانِ صحت کے مطابق پروسیسنگ کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی پالیسی جو پراسیسڈ اور برانڈڈ گوشت کو فروغ دے، غذائی تحفظ کے معیارات اور صارفین کی صحت کو بہتر بنائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک پیشگوئی کے قابل اور مارکیٹ پر مبنی قیمتوں کا نظام سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرے گا اور پروڈیوسرز کو قیمتوں میں اضافے اور کمی کے ادوار سے بہتر انداز میں نمٹنے میں مدد دے گا۔انہوں نے کہا کہ پولٹری ایک متحرک کاروبار ہے جو طلب و رسد پر منحصر ہے اور ایک مستحکم اور کاروبار دوست ماحول اسے غذائی تحفظ، روزگار اور معاشی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھنے کے قابل بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ مستقل پالیسی سپورٹ اور مساوی مواقع کی فراہمی کے ساتھ پنجاب کی پولٹری صنعت اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے، دیہی روزگار کو برقرار رکھنے اور ملک کی بڑھتی ہوئی پروٹین ضروریات پوری کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے