پاک-کوریا شمسی پینلز ٹیسٹنگ لیبارٹری 2026 میں کمرشل آپریشنز شروع کرے گی

اسلام آباد۔27 فروری (اے بی سی):پاکستان-کوریا پی وی ماڈیول ٹیسٹنگ لیبارٹری 2026 میں باقاعدہ طور پر اپنے کمرشل مرحلے میں داخل ہونے جا رہی ہے کیونکہ یہ پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل سے آئی ایس او/آئی ای سی-17025 معیار کے تحت منظوری حاصل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس اقدام سے پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی شمسی توانائی مارکیٹ میں معیار کی یقین دہانی کو مزید مضبوط بنانے کی توقع ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق لیبارٹری جدید آلات کی تنصیب اور کمیشننگ کے بعد مکمل طور پر فعال ہو چکی ہے۔ یہ سہولت شمسی پینلز پر 40 مختلف اقسام کے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس لیبارٹری کا قیام فوٹو وولٹائیک (پی وی) ماڈیولز کی تکنیکی جانچ کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ معیارات کے مطابق یقینی بنانے کے لئے عمل میں لایا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق لیبارٹری مئی 2026 میں ایکریڈیٹیشن کے لئے درخواست دے گی جس سے قبل کوریا میں مارچ تا اپریل 2026 کے دوران خصوصی تربیت کا آخری مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔ ایکریڈیٹیشن کا عمل 2026 کے وسط تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔منظوری حاصل ہونے کے بعد لیبارٹری بین الاقوامی سطح پر قابل قبول ٹیسٹ رپورٹس جاری کرے گی جس سے ریگولیٹری اداروں کو معیار کے نفاذ میں مزید مؤثر کردار ادا کرنے میں مدد ملے گی۔پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) شمسی پینلز کو لازمی سرٹیفکیشن فہرست میں شامل کرنے کا عمل شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے تاکہ مقامی مارکیٹ میں غیر معیاری مصنوعات کے داخلے کو روکا جا سکے۔پاک-کوریا سہولت اس ضمن میں مستند ٹیسٹ رپورٹس فراہم کر کے کلیدی معاون کردار ادا کرے گی جس سے تعمیلی نظام کو مضبوط بنانے اور صارفین کے تحفظ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

صنعتی حلقوں کا خیال ہے کہ یہ پیشرفت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرے گی، مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دے گی اور پاکستان کے شمسی آلات کے شعبے کی برآمدی صلاحیت کو تقویت دے گی۔لیبارٹری کی آپریشنلائزیشن اور ایکریڈیٹیشن کو شفافیت میں بہتری، مصنوعات کی قابل اعتماد حیثیت کے فروغ اور پاکستان کے قابل تجدید توانائی کے ڈھانچے کو عالمی معیار کے مطابق ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے