گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں دیہی صنعت کاری کے فروغ کے لیے 300 ملین روپے کا لائیوسٹاک فائبر منصوبہ

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لائیوسٹاک فائبر کو ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں تبدیل کرنے کے لیے ایک اہم منصوبہ تیار کیا گیا ہےجس کا مقصد دیہی صنعت کاری کو فروغ دینا اور کسانوں و ہنرمندوں کے لیے آمدنی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔اس منصوبے کا عنوان ’’ویلیو ایڈڈ لائیوسٹاک پراڈکٹس (اون، بال اور موہیر) برائے دیہی صنعت کاری پاکستان (جی بی اینڈ اے جے کے)‘‘ ہے اور اس کی مجموعی لاگت 300 ملین روپے ہے۔ تین سالہ منصوبہ جولائی 2026 سے جون 2029 تک جاری رہے گا اور اسے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع اور آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں نافذ کیا جائے گا۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق منصوبہ ویلیو ایڈیشن، پیداوار میں اضافہ اور فائبر ویلیو چین کی جدیدکاری پر مرکوز ہے۔

خام مال کی جمع آوری سے لے کر تیار شدہ مصنوعات تک پوری ویلیو چین کو منظم کر کے اس منصوبے کا ہدف مویشی پال کسانوں کی آمدنی میں 15 سے 20 فیصد اضافہ کرنا ہے، جو بہتر پراسیسنگ اور بہتر مارکیٹ رسائی کے ذریعے ممکن بنایا جائے گا۔اس منصوبے کے تحت 35 خام مال جمع کرنے کے مراکز قائم کیے جائیں گے، جن میں 30 گلگت بلتستان اور پانچ آزاد کشمیر میں ہوں گے۔ اس کے ساتھ صفائی اور سپننگ یونٹس بھی قائم کیے جائیں گے، جن میں ہر ضلع گلگت بلتستان اور وادی نیلم میں ایک ایک یونٹ شامل ہوگا۔ مزید برآں، مقامی ہنر کو فروغ دینے اور مصنوعات کی تکمیل کے لیے چار ویونگ اور چار سٹیچنگ مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔منصوبے میں یاک ڈویلرز ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن اور اسے فعال بنانے کا بھی تصور شامل ہے تاکہ ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنایا جا سکے اور بین الاقوامی یاک نیٹ ورکس کے ساتھ روابط بہتر کیے جا سکیں۔

پائیداری اور شمولیتی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے کمیونٹی کی ملکیت میں کلیکشن اور پراسیسنگ یونٹس قائم کیے جائیں گے۔سیاحت سے منسلک ڈسپلے اور مارکیٹنگ مراکز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ تیار شدہ مصنوعات کی نمائش اور فروخت میں اضافہ ہو سکے۔ سیاحتی منڈیوں اور نجی شعبے کے خریداروں کے ساتھ روابط کے ذریعے سروس چارجز اور مصنوعات کی فروخت سے آمدنی حاصل ہونے کی توقع ہے۔کسانوں، ہنرمندوں اور کاروباری افراد کی صلاحیت بڑھانے کے لیے تربیتی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ پیداوار کے طریقوں اور کاروباری مہارتوں میں بہتری لائی جا سکے۔

فائبر کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے 25 ہزار جانوروں کی ویکسی نیشن اور ڈی ورمنگ بھی منصوبے کا حصہ ہے۔یہ منصوبہ 5ایز فریم ورک، تیرہویں پانچ سالہ منصوبے اور نیشنل ایگریکلچر انوویشن اینڈ گروتھ پروجیکٹ (این اے آئی جی پی) سے ہم آہنگ ہے۔ اس کے ذریعے لائیوسٹاک ویلیو ایڈیشن، دیہی کاروباری ترقی، ادارہ جاتی مضبوطی اور پائیدار لائیوسٹاک مینجمنٹ کو فروغ دیا جائے گا۔کم وفاقی سرمایہ کاری کے باوجود یہ منصوبہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، مقامی کاروبار کو مضبوط بنانے اور گلگت بلتستان و آزاد کشمیر میں پائیدار دیہی صنعت کاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے