سیاحت و ہوٹلنگ کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے 14 کروڑ روپے کے منصوبے تیار

اسلام آباد۔14 اپریل (اے بی سی):وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) 27۔2026کے تحت سیاحت کے فروغ کے لئے 14 کروڑ روپے مالیت کے تین منصوبے تیار کر لئے ہیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق مجموعی رقم میں سے 7 کروڑ روپے سیاحت اور ہوٹلنگ کے شعبے سے وابستہ افراد کی استعداد کار بڑھانے کے لئے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس منصوبے میں خدمات کے معیار کو بہتر بنانے، پیشہ وارانہ مہارتوں کو فروغ دینے، صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے اور شعبے کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

ماحولیاتی طور پر ذمہ دار سیاحت کے بڑھتے ہوئے عالمی رجحان کے پیش نظر، وزارت نے اسلام آباد میں ایک ماحول دوست سیاحتی ریزورٹ کے قیام کے لئے فزیبلٹی سٹڈی کی مد میں 3 کروڑ روپے مختص کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔ اس مطالعہ کا مقصد ماحول کے تحفظ اور وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بناتے ہوئے پائیدار ترقی کے مواقع تلاش کرنا ہے۔مزید برآں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید سیاحتی سہولت مراکز کے قیام کے لئے 4 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

ان مراکز کا مقصد آنے والے سیاحوں کو بنیادی سہولیات، معلومات اور رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ ان کے سفر کے تجربے کو بہتر بنایا جا سکے۔یہ اقدامات منصوبہ بندی، استعداد کار میں اضافے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے ذریعے سیاحت کے شعبے کی تدریجی ترقی کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان منصوبوں پر عملدرآمد سے سیاحت کے شعبے میں بہتری، سیاحوں کے اعتماد میں اضافہ اور جون 2028 تک طویل المدتی ترقی کی بنیاد رکھنے میں مدد ملے گی۔

 

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے