حکومت کا کینجھر جھیل پر 500 میگاواٹ فلوٹنگ سولر منصوبہ لگانے کا منصوبہ،قابل تجدید توانائی میں اضافہ ہوگا

اسلام آباد۔7 مئی (اے بی سی):حکومت نے سندھ کی کینجھر جھیل پر 500 میگاواٹ کا فلوٹنگ سولر پاور منصوبہ لگانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ ملک کی بڑھتی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لئے صاف اور قابلِ تجدید توانائی پیدا اور درآمدی فوسل ایندھن پر انحصار کم کیا جاسکے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق 24 کروڑ 36 لاکھ 30 ہزار ڈالر مالیت کا یہ منصوبہ سالانہ تقریباً 861.91 گیگاواٹ آور بجلی پیدا کرے گا جبکہ اس کا صلاحیتی تناسب 19.6 فیصد ہوگا۔ منصوبے کے تحت طویل المدتی بجلی خریداری معاہدے کے ذریعے کے الیکٹرک کو بجلی فراہم کی جائے گی۔یہ منصوبہ پاکستان کے 2030 تک کاربن کے اخراج میں کمی کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔

منصوبہ انجینئرنگ، خریداری اور تعمیراتی ماڈل کے تحت مسابقتی بولی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ حکام پہلے ہی کے الیکٹرک سے لیٹر آف انٹینٹ حاصل کر چکے ہیں جبکہ انجینئرنگ، خریداری اور تعمیراتی ٹھیکیداروں کے لئے بولی کا عمل جاری ہے۔فلوٹنگ سولر تنصیب بڑے صنعتی علاقوں کے قریب واقع ہوگی جس سے زیادہ طلب والے علاقوں تک ماحول دوست بجلی کی مؤثر ترسیل ممکن ہوگی۔

روایتی سولر پلانٹس کے برعکس یہ منصوبہ پانی کی سطح استعمال کرے گا جس سے زمین کے استعمال کے تنازعات سے بچاؤ اور توانائی کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔اس منصوبے میں اندرونی شرحِ منافع 13.94 فیصد متوقع ہے جبکہ بجلی کا ٹیرف 3.98 امریکی سینٹ فی کلوواٹ آور تخمینہ لگایا گیا ہے۔ سرمایہ کاری کے ڈھانچے میں 18 کروڑ 27 لاکھ 20 ہزار ڈالر قرضہ جاتی فنانسنگ اور 6 کروڑ 9 لاکھ 10 ہزار ڈالر ایکویٹی شامل ہے۔

فنڈز انجینئرنگ، خریداری اور تعمیراتی ترقی، ترسیلی ڈھانچے اور آپریشنز و دیکھ بھال پر خرچ کئے جائیں گے۔ منصوبے سے تعمیراتی اور تکنیکی آپریشنز کے مراحل میں روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی بھی توقع ہے۔پائیدار ترقیاتی اہداف 7، 9 اور 13 سے ہم آہنگ یہ منصوبہ قابلِ تجدید توانائی کے فروغ، صنعتی شعبے میں کاربن اخراج میں کمی اور ماحولیاتی مزاحمت کے لئے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے