چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں تبانی گروپ اور عوامی جمہوریہ چین کے بڑے سرکاری انفراسٹرکچر و سرمایہ کاری اداروں میں شامل شیڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کمپنی لمیٹڈ (SDHS) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔
شیڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے وفد کی قیادت ادارے کے چیئرمین مسٹر شو ژیانگ نے کی، جبکہ وفد میں کنٹری ڈائریکٹر مسٹر وانگ ژین رونگ اور تبانی گروپ کے چیئرمین مسٹر حمزہ تبانی بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، توانائی، لاجسٹکس، صنعتی ترقی اور دیگر تزویراتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور غیر متزلزل تعاون پر مبنی ایک لازوال اور آزمودہ رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور پاکستانی عوام اس مخلصانہ دوستی کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سرمایہ کاری سے ملک میں خوشحالی کو فروغ مل رہا ہے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔
انہوں نے چین۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری کا ایک تاریخی منصوبہ اور روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک نے علاقائی روابط، اقتصادی انضمام اور طویل المدتی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون آئندہ برسوں میں مزید وسعت اختیار کرے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور چینی اداروں کی جانب سے پاکستان کی ترقی میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) ایک اہم قومی اقدام ہے جس کا مقصد سرمایہ کاری کا فروغ، اقتصادی استحکام کا حصول اور عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ ایسی پالیسیوں اور قانون سازی کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی جو شفاف، سرمایہ کار دوست ماحول، پائیدار اقتصادی ترقی اور قومی خوشحالی کو یقینی بنائیں۔
وفد نے چیئرمین سینیٹ کو شیڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کی عالمی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر، تیز رفتار ریل، ایکسپریس ویز، توانائی، لاجسٹکس اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتا ہے۔ وفد نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے وژن سے بھی آگاہ کیا اور ملک کی اقتصادی ترقی میں طویل المدتی شراکت داری کے ذریعے اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پاکستان۔چین تزویراتی شراکت داری کے عزم کا اعادہ، پاکستان اور چین کے مابین سرمایہ کاری کے مزید فروغ پر زور

