چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کا کامن ویلتھ یوتھ منسٹریل ٹاسک فورس کے خصوصی اجلاس میں پاکستان کے مؤقف کا اعادہ

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کا کامن ویلتھ یوتھ منسٹریل ٹاسک فورس کے خصوصی اجلاس میں پاکستان کے مؤقف کا اعادہ
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کا کامن ویلتھ یوتھ منسٹریل ٹاسک فورس کے خصوصی اجلاس میں پاکستان کے مؤقف کا اعادہ

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کامن ویلتھ یوتھ منسٹریل ٹاسک فورس کے خصوصی اجلاس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے نوجوانوں کی امنگوں اور بدلتی ضروریات سے ہم آہنگ، مستقبل پر مبنی کامن ویلتھ یوتھ پروگرام کے فروغ کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔بدھ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق ورچوئل اجلاس کی مشترکہ صدارت ساموا کے وزیر برائے خاندانی و سماجی امور، موفااؤو جولیس آہ کوئی تفونائی نے کی۔ اجلاس میں کامن ویلتھ کے رکن ممالک اور کامن ویلتھ سیکرٹریٹ کے نمائندوں نے شرکت کی جہاں کامن ویلتھ یوتھ پروگرام سٹریٹجک فریم ورک (2026–2030) کے مسودے کا جائزہ لیا گیا، رکن ممالک کی آراء پر غور کیا گیا اور پروگرام کی آئندہ سمت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کامن ویلتھ یوتھ فورم، کامن ویلتھ یوتھ کونسل اور گیارہویں کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز اجلاس کی تیاریوں سے متعلق پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اپنے افتتاحی کلمات میں رانا مشہود احمد خاں نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور مشاورتی عمل میں رکن ممالک کی فعال شرکت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس اس مشترکہ عزم کا مظہر ہے کہ کامن ویلتھ کے نوجوانوں کے پروگرام نوجوان نسل کی بدلتی ضروریات اور توقعات سے ہم آہنگ رہیں۔پاکستان کی جانب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کامن ویلتھ سیکرٹریٹ کی جانب سے کامن ویلتھ یوتھ پروگرام سٹریٹجک فریم ورک (2026–2030) کی تیاری کے لئے اختیار کئے گئے جامع اور مشاورتی عمل کو سراہا۔ انہوں نے اس فریم ورک اور کامن ویلتھ سٹریٹجک پلان 2025–2030 کے ساتھ اس کی ہم آہنگی کے لئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔رانا مشہود احمد خاں نے نوجوانوں کی ترقی کے حوالے سے پاکستان کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے معیاری تعلیم، کاروباری مواقع، جدت، ڈیجیٹل تبدیلی، مہارتوں کی ترقی اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ نوجوان قومی اور عالمی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے نوجوانوں کی جامع شمولیت، کاروباری مواقع کے فروغ، مالی وسائل اور منڈیوں تک بہتر رسائی، نیز ڈیجیٹل مہارتوں اور ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے کے لئے تجویز کردہ اہم اقدامات کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات خصوصاً چھوٹے ممالک اور کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لئے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کامن ویلتھ یوتھ پروگرام کی ادارہ جاتی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے سیکرٹریٹ کے اندر باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پروگرام کے مالی وسائل اور انتظامی ڈھانچے کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور مستقبل میں کسی بھی اصلاحات کو رکن ممالک کے باہمی اتفاقِ رائے اور طے شدہ بین الحکومتی طریقہ کار کے تحت آگے بڑھایا جائے۔اجلاس کے اختتام پر رانا مشہود احمد خاں نے کامن ویلتھ یوتھ منسٹریل ٹاسک فورس کے شریک چیئرمین کی حیثیت سے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کامن ویلتھ سیکرٹریٹ اور تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر ایک متوازن، جامع، شفاف اور مستقبل سے ہم آہنگ سٹریٹجک فریم ورک کی تشکیل کے لئے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا تاکہ کامن ویلتھ کے لاکھوں نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا سکے۔

Related Post