این سی سی آئی اے لاہور کی بڑی کارروائی، ہنی ٹریپ اور سائبر بلیک میلنگ نیٹ ورک بے نقاب
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہنی ٹریپ اور سائبر بلیک میلنگ میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا۔این سی سی آئی اے لاہور نے ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے ہنی ٹریپ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی خصوصی ہدایات پر کی گئی۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سوشل میڈیا پر جعلی پروفائلز بنا کر شہریوں کو ہنی ٹریپ کا نشانہ بناتے اور بعد ازاں انہیں بلیک میل کرتے تھے۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 3 موبائل فونز اور اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد کیے گئے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے ایک متاثرہ شہری سے لاکھوں روپے بھی وصول کیے۔این سی سی آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے جبکہ برآمد ہونے والے ڈیجیٹل شواہد کی فرانزک جانچ بھی کی جا رہی ہے۔
