رواں سال کا دوسرا سورج گرہن
رواں سال کا دوسرا اور آخری سورج گرہن آج ہوگا، تاہم یہ پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔عرب میڈیا کے مطابق یورپ میں 1999 کے بعد پہلی مرتبہ مکمل سورج گرہن دیکھا جائے گا۔ مغربی اسپین اور آئس لینڈ میں مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 27 منٹ پر مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ کیا جائے گا، جبکہ آئس لینڈ کے قریب مکمل گرہن کا دورانیہ 2 منٹ 18 سیکنڈ ہوگا۔میڈرڈ اور بارسلونا میں سورج کو 99 فیصد، پیرس میں 92 فیصد، لندن میں 91 فیصد جبکہ برلن میں 85 فیصد گرہن لگے گا۔ افریقا، کینیڈا اور امریکا کے بعض حصوں میں بھی جزوی سورج گرہن دیکھا جاسکے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، جبکہ رات 10 بج کر 46 منٹ پر گرہن عروج پر ہوگا اور 12 بج کر 58 منٹ پر مکمل طور پر ختم ہوجائے گا، تاہم اس کا مشاہدہ پاکستان سے ممکن نہیں ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 28 اگست کو جزوی چاند گرہن بھی ہوگا، جو پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔
