پاکستان ریلوے کے صفائی کا نظام بہتر بنانے کے لیے پانچ ویسٹ مینجمنٹ اداروں سے معاہدے

لاہور۔31دسمبر (اے پی پی):پاکستان ریلوے نے مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور ریلوے سٹیشنوں پر صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پانچ ویسٹ مینجمنٹ اداروں کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق یہ معاہدے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی)، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی)، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی)، فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایف ڈبلیو ایم سی)اور ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایم ڈبلیو ایم سی)کے ساتھ کیے گئے ہیں۔

ان معاہدوں کے تحت کراچی، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور ملتان کے ریلوے سٹیشنوں پر صفائی کے امور ان اداروں کے سپرد کیے گئے ہیں۔ان معاہدوں کے دائرہ کار میں پلیٹ فارمز، پارکنگ ایریاز، واش رومز، واشنگ لائنز، پلیٹ فارم شیڈز اور پنکھوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ سٹیشن احاطے میں جمع ہونے والے پانی کی بروقت نکاسی بھی شامل ہے۔پاکستان ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ اس اقدام سے بڑے ریلوے سٹیشنوں پر مجموعی ماحول میں نمایاں بہتری آئے گی جہاں روزانہ ہزاروں مسافر آتے جاتے ہیں۔ صاف ستھرے پلیٹ فارمز، معیاری واش رومز اور بہتر انتظار گاہیں نہ صرف مسافروں کے سفر کو آرام دہ بنائیں گی بلکہ ریلوے کے مثبت تشخص کو بھی فروغ دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر مون سون کے موسم میں پانی کی نکاسی اور صفائی کے بہتر انتظام سے بیماریوں کے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پیشہ ور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری سے صفائی کے نظام میں شفافیت، تسلسل اور موثر کارکردگی آئے گی کیونکہ ان اداروں کے پاس تربیت یافتہ عملہ، جدید آلات اور فضلے کی منظم نکاسی کا موثر نظام موجود ہے جو پہلے پاکستان ریلوے کے پاس محدود تھا، اس اقدام سے محکمے پر انتظامی بوجھ بھی کم ہوگا اور وہ ٹرینوں کی بروقت آمد و رفت، حفاظت اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر زیادہ توجہ دے سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ صفائی کے بہتر معیار سے مسافروں کا اعتماد بڑھے گا جس سے ریلوے کے استعمال میں اضافہ اور آمدنی میں بہتری متوقع ہے، یہ اقدام عوامی ٹرانسپورٹ کو جدید بنانے اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینے کے حکومتی وژن سے بھی ہم آہنگ ہے۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے