ادیس ابابا،: ایتھوپیا اورپاکستان نے اپنے تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس سلسلے میں ایک دوطرفہ ملاقات آج ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں وزارت تجارت و علاقائی انضمام کے دفتر میں منعقد ہوئی۔
وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری، سفیر حامد اصغر خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ ایتھوپیا کی جانب سے وزیر تجارت و علاقائی انضمام، Kassahun Gofe نے قیادت کی۔
اس موقع پر، وزیر تجارت نے دونوں ممالک کے درمیان طویل سفارتی اور تجارتی تعلقات کا ذکر کیا اورساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔
وزیر نے مئی 2025 میں ادیس ابابا میں پاکستان کی طرف سے سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد کے لیے پاکستانی وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سفیر حامد خان نے برآمدی تجارت میں شاندار کارکردگی پر ایتھوپیا کو مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔