ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا گلوبل ہندو ایوارڈ دھرتی ماتا پاکستان کے نام کرنے کا اعلان
پاکستان ہندو کونسل کے سرپرستِ اعلیٰ اور اقلیتی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے اقلیتوں کے قومی دن پر کینیڈا میں حاصل کردہ گلوبل ہندو ایوارڈ دھرتی ماتا پاکستان کے نام کرنے کا اعلان کردیا ہے، چیئرمین پریم نگر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان کی قومی تاریخ میں 23 مارچ، 11 اگست اور 14 اگست غیر معمولی اہمیت کے حامل تاریخی دن ہیں، قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں 23 مارچ 1940ء کو قراردادِ پاکستان کی منظوری کے ذریعے ایک آزاد خودمختار وطن کا خواب واضح ہوا، جبکہ 14 اگست 1947ء کو پاکستان ایک آزاد ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ تاہم ان دونوں تاریخوں کے درمیان 11 اگست 1947ء ایک ایسا یادگاری دن ہے جس نے پاکستان کے مستقبل کے ریاستی اور سماجی تشخص کے حوالے سے ایک واضح سمت متعین کی۔
انہوں نے کہا کہ انگریز سامراج کے آخری ایام میں ہمارا خطہ شدید سیاسی انتشار، بے یقینی اور فرقہ وارانہ کشیدگی کا شکار ہو چکا تھا، بالخصوص موجودہ پاکستان کے علاقوں میں بسنے والے غیر مسلم اپنے مستقبل کے حوالے سے کئی خدشات میں مبتلا تھے۔
ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ ایسے غیر یقینی ماحول میں قائداعظم محمد علی جناحؒ نے 11 اگست 1947ء کو دستور ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے تمام شہریوں کے لیے مساوی شہریت اور مذہبی آزادی کا اصول واضح کیا، بانی پاکستان نے یقین دہانی کرائی کہ نوزائیدہ ریاست میں کسی شہری کے مذہب، عقیدے یا برادری کی بنیاد پر تفریق نہیں ہوگی اور ہر شخص اپنے مذہبی عقائد کے مطابق عبادت اور زندگی گزارنے کے لیے آزاد ہوگا۔
ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے اپنے پیغام میں قائداعظم کی گیارہ اگست کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میرے بڑوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے پاکستان کو اپنی دھرتی ماتا بنا لیا اور آج میرے سمیت پاکستان کی غیر مسلم برادری کے لاکھوں شہری جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر رمیش وانکوانی کا کہنا تھا کہ حال ہی میں کینیڈا میں گلوبل ہندو ایوارڈ سے نوازا جانا میری ذاتی کامیابی سے بڑھ کر پاکستان کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کے درمیان سخت مقابلے کے بعد یہ اعلیٰ عالمی اعزاز حاصل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے اقلیتی شہری عالمی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں، خدمات اور کردار کے ذریعے ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔
ڈاکٹر رمیش کمار نے اقلیتوں کے قومی دن پر اپنا عالمی اعزاز دھرتی ماتا پاکستان کے نام کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جب پاکستان کا کوئی شہری دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرتا ہے تو اس کامیابی میں پورے ملک کا وقار شامل ہوتا ہے، قومی اقلیتی دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کسی ایک طبقے، مذہب یا برادری کا نہیں بلکہ اس میں بسنے والے تمام شہریوں کا مشترکہ وطن ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اکثریت اور اقلیت کی تفریق سے بالاتر ہو کر اجتماعی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے آہنی عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ قائداعظم کے وژن پر عمل پیرا ہوکر اپنے پیارے وطن پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
