اسلام آباد (16 دسمبر، 2024): ٹیلی نار پاکستان کے معروف اسٹارٹ اپ ایکسیلیریٹر پروگرام، ٹیلی نار ویلاسٹی نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی( ایس ٹی زیڈ اے) اور انویسٹ ٹو انوویٹ (i2i) کے تعاون سے 2024Disrupt 92 +کانفرنس کے دوران ایک اہم مباحثے کا انعقاد کیا گیا۔ "خیال سے اثر تک” کے موضوع کے تحت اس سیشن کا مقصد پاکستان کے اسٹارٹ اپس ایکو سسٹم کو درپیش فنڈنگ مشکلات کا حل تلاش کرنا تھا ۔
اس مباحثے میں سرمایہ کار، اسٹارٹ اپس، کارپوریٹ سیکٹر، اور پالیسی ساز سمیت 36 اہم شخصیات نے شرکت کی اور پاکستان میں اسٹارٹ اپس کے لیے مضبوط فنڈنگ سسٹم کی حکمت عملیوں پر غور کیا۔ مباحثے میں سرمایہ کاری کے فروغ، ریگولیٹری اصلاحات، ٹیکس مراعات، اور مختلف ذرائع سے اسٹارٹ اپس کے لیے فنڈنگ بڑھانے پر بات ہوئی۔ اس کے علاوہ، اسٹارٹ اپس کو مستحکم اور سرمایہ کاری کے لیے موزوں بنانے کے لیے بہتر قوانین، انفراسٹرکچر، ہنرمند افراد کی دستیابی اور کاروباری سہولتوں کی ضرورت پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ۔
ٹیلی نار پاکستان کی چیف پیپل آفیسر اریج خان نے کہا،”ٹیلی نار ویلاسٹی کے تحت ہمارا مقصد اسٹارٹ اپس کی ترقی میں حائل فنڈنگ گیپ جیسے اہم چیلنجز سے نمٹنے کا حل تلاش کرنا ہے۔ اس گول میز مباحثے کے ذریعے ہم کلیدی شراکت داروں کو اکٹھا کر کے ایسی حکمت عملی تیار کرنا چاہتے ہیں جو پاکستانی اسٹارٹ اپس کو عالمی سطح پر کامیاب بنائے۔”
انویسٹ ٹو انوویٹ (i2i) کی سی ای او سارہ منیر نے اس موقع پر کہا، "ایسے پلیٹ فارمز اسٹارٹ اپس کے لیے فنڈنگ کے چیلنجز کو سمجھنے اور ان کا حل تلاش کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ i2i میں ہمارا مقصد مختلف شراکت داروں کو متحرک کر کے ایک مستحکم اور جامع کاروباری مستقبل تشکیل دینا ہے۔”
اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (STZA) کے چیف مارکیٹ ڈویلپمنٹ آفیسر حمزہ سعید اورکزئی نے کہا، "ہم اسٹارٹ اپس کے لیے ایسا سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، جہاں انہیں مراعات، ریگولیٹری سپورٹ، اور انفراسٹرکچر تک رسائی دی جائے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت، کارپوریٹ ادارے اور نجی شعبہ مل کر پاکستان کی جدت پسند معیشت کو فروغ دے سکتے ہیں۔”
کانفرنس 92Disrupt2024+ نے اس اہم گول میز مباحثے کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کیا، جہاں کاروباری افراد، سرمایہ کار، انڈسٹری لیڈرز اور پالیسی سازوں نے خیالات کا تبادلہ کیااور شراکت داری کے مواقع تلاش کیے۔ ٹیلی نار ویلاسٹی کی اس کانفرنس میں شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ وہ پاکستان کے کاروباری منظرنامے کو فروغ دینے اور مثبت تبدیلی لانے کے لیے پرعزم ہے۔