متحدہ عرب امارات میں بسنے والےمعزز پاکستانیوں،
یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر، میں بڑے فخر اور احترام کے ساتھ آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اس تاریخی دن پر ہم اپنے آباؤ اجداد کے عظیم الشان نظریۓ اور غیر متزلزل عزم کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے قیام پاکستان کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں انتھک جدوجہد کی۔ آج کا دن علامہ محمد اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے سفر میں دی گئی قربانیوں، جدوجہد اور حاصل کردہ کامیابیوں پر غور کرنے کا دن ہے۔
جب ہم یوم پاکستان کی 84 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، تو آئیے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے نظریات کے لیے اپنی لگن کا اعادہ کریں۔ آئیے ایک خوشحال، پرامن اور ترقی پسند پاکستان کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کا احترام کریں۔
آج، ہم میں سے ہر ایک پر فرض ہے کہ وہ اپنے ملک کی بہتری اور ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔ خواہ اندرون ملک ہو یا بیرون ملک، آئیے اپنی اجتماعی صلاحیت کو بروئے کار لانے اور آنے والے چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کریں۔
آئیے ہم سب ملکر باہمی شمولیت کو فروغ دیں، اور رواداری اور ہم آہنگی کے اصولوں کو برقرار رکھیں۔ آئیے ہم اپنے نوجوانوں کو بااختیار بنائیں، اور تعلیم اور جدد کے مقصد کو آگے بڑھائیں۔
میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی پر ثابت قدم رہیں۔ آئیے ہم عہد کریں کہ ہم جمہوریت، انصاف اور مساوات کی اقدار کو برقرار رکھیں گے اور اپنی آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی تعمیر کریں گے۔ آئیے ہم پاکستان کو سب کے لیے امید اور مواقع کی روشن کرن بنانے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔
میں اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں پر زور دوں گا کہ وہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے مقامی قوانین، اصولوں اور پالیسیوں کا احترام کریں، اور ان کی پابندی کریں۔ آئیں مل کر اپنے پیارے ملک پاکستان کی بہترین انداز میں نمائندگی کریں۔
آپ سب کو یوم پاکستان مبارک ہو۔
حسین محمد، قونصل جنرل
قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، دبئی، متحدہ عرب امارات۔