بہاول پور پولیس نے بوڑھی والدہ پر تشدد کرنے کے الزام میں بیٹے کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق افسوسناک واقعہ تھانہ عباس نگر کی حدود بستی جھبیل میں پیش آیا جہاں جعفر نامی شخص نے اپنی بزرگ والدہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ڈ سٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اقبال نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا اورپولیس تھانہ عباس نگر نے ایف آئی آر درج کرکے ملزم کو حراست میں لے لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق بیٹے کے ہاتھوں تشدد کا شکار بزرگ والدہ کو مکمل قانونی، طبی اور حفاظتی تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او حسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ظلم و تشدد کے واقعہ پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور خواتین، بزرگ شہری اور معاشرے کے کمزور طبقات پر تشدد کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔

