بہاولپور (نیوز ڈیسک) پنجاب فوڈ اتھارٹی بہاولپور نے ملاوٹی دودھ کی سپلائی ناکام بناتے ہوئے پانچ ہزار لیٹر دودھ تلف کر دیاجبکہ دودھ بردار گاڑی کو ضبط کر لیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق جمعہ کی الصبح بہاولپور اور بہاولنگر کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں بہاولپور چوک پر ناکہ لگا کر کارروائی کی گئی تھی۔ترجمان کے مطابق عارف والا سے حاصل پور لایا جانے والا ملاوٹی دودھ شہر کی مختلف دودھ کی دکانوں اور ہوٹلوں پر سپلائی کیا جانا تھا، تاہم ٹیموں نے فوری ایکشن لے کر سپلائی روک دی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی ترجمان کے مطابق ملک پروسیسنگ یونٹ کے مالک سمیت 8 سپلائرز کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست متعلقہ تھانہ میں دیدی گئی ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ شہریوں کو خالص اور معیاری خوراک فراہم کرنے کے لیے دودھ بردار گاڑیوں کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جاتی ہے۔ عوام کسی بھی شکایت یا مشکوک سرگرمی کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر فوراً اطلاع دیں۔

