پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کو پہلی سہ ماہی میں 661.417 ملین روپے کے پی ایس ڈی پی فنڈز جاری

اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی آئی ڈی سی ایل ) کو مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت مجموعی طور پر 661.417 ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔’’ویلتھ پاکستان‘‘ کو دستیاب سرکاری دستاویز کے مطابق، مالی سال 2025-26 کی منظور شدہ تقسیم کے تحت پی آئی ڈی سی ایل 20 پی ایس ڈی پی سکیموں پر کام کر رہی ہے جن کے لئے مجموعی بجٹ 14,409.448 ملین روپے مختص کیا گیا ہے۔

وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات نے یہ فنڈز دو مراحل میں جاری کئے۔ پہلی سہ ماہی کا 631.417 ملین روپے کا اجرا ء31 جولائی 2025 کو کیا گیا جس میں 16 ترقیاتی منصوبے شامل تھے۔ اس کے بعد 30 ملین روپے کا دوسرا اجرا 21 اکتوبر 2025 کو دو منصوبوں کے لئے کیا گیا جس سے مجموعی اجرا 661.417 ملین روپے تک پہنچ گیا۔کراچی میں جاری بڑے منصوبوں میں گرین لائن بی آر ٹی کا منصوبہ بھی شامل ہے جس کی کل لاگت 29,193.790 ملین روپے ہے جبکہ مالی سال 2025-26 کے لئے 3,000 ملین روپے مختص کئے گئے تھے۔

پہلی سہ ماہی میں اس منصوبے کے لیے 450 ملین روپے جاری کئے گئے۔اسی طرح ’’آپریشنل گرین لائن بی آر ٹی‘‘ کراچی منصوبے کی کل لاگت 13,502.710 ملین روپے ہے، اس کے لئے 185 ملین روپے کی بجٹ مختص تھا جبکہ پہلی سہ ماہی میں 27.750 ملین روپے جاری کئے گئے۔دستاویز کے مطابق کراچی کے مختلف اضلاع میں سڑکوں، گلیوں اور واٹر و سیوریج سسٹمز کی بہتری یا بحالی کے لئے بھی پہلی سہ ماہی کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔

ان میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کراچی کے لئے 11.250 ملین روپے، ڈسٹرکٹ ایسٹ کراچی کے لئے 11.250 ملین روپے، ڈسٹرکٹ کورنگی/ملیر کراچی کے لئے 7.500 ملین روپے اور ڈسٹرکٹ ساؤتھ و ویسٹ کے لئے 11.250 ملین روپے شامل ہیں۔کراچی میں پارکس کی تعمیر کے منصوبوں کو بھی فنڈز ملے ہیں۔ کار بازار پارک کے لئے 12 ملین روپے اور ایشین فٹ بال گراؤنڈ کے لئے 14.917 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں۔

اسی طرح اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد اور لانڈھی ٹاؤن میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے ہر منصوبے کے لئے 12 ملین روپے کی پہلی سہ ماہی رقم جاری کی گئی ہے۔سندھ سے باہر خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں دو پلوں کی تعمیر کے منصوبوں کے لئے بھی فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ دریائے سیران پر مری صفدر شاہ پل اور شاہ دا پن پل کی تعمیر کے لئے سالانہ 100 ملین روپے کی مختص رقم میں سے 15 ملین روپے فی منصوبہ جاری کئے گئے۔فنڈز کے اس اجرا ء سے ملک بھر میں جاری اہم عوامی فلاحی انفراسٹرکچر منصوبوں کی رفتار میں مزید تیزی آنے کی توقع ہے۔

Related Post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے