بہاولپور: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال کی خصوصی ہدایات پراتوارکے روز ضلع بھر میں مسیحی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کیے گئے۔ عبادت گاہوں میں اتوار کے روز بڑی تعداد میں آنے والے افراد کی وجہ سے سیکورٹی پلان کو مزید مضبوط بنایا گیا جبکہ آئی جی پنجاب کے وضع کردہ ایس او پیز کے مطابق تمام متعلقہ پولیس یونٹس کو سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق ضلع بھر کی مختلف عبادت گاہوں، گرجا گھروں اور مذہبی اجتماعات میں سینکڑوں پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ ان اہلکاروں میں ڈسٹرکٹ پولیس فورس، ایلیٹ ٹیمز، کوئیک ریسپانس فورس اور ریزرو پولیس کے جوان شامل تھے۔ پولیس افسران نے صبح سویرے تمام سیکیورٹی پوائنٹس کا دورہ کیا اور موقع پر موجود عملے کو بریفنگ دیتے ہوئے انہیں ڈیوٹی کی حساس نوعیت، چوکسی اور مربوط رابطہ کاری کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
سرکل افسران اور متعلقہ ایس ایچ اوز نے عبادت گاہوں کے داخلی و خارجی راستوں کا بغور جائزہ لیا، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹکٹرز، ہینڈ اسکینرز اور کیمروں کی ورکنگ کو چیک کیا۔ پولیس نے اس بات کو یقینی بنایا کہ عبادت گاہوں میں داخل ہونے والے تمام افراد کی جامعہ تلاشی لی جائے اور کسی بھی مشکوک فرد یا سرگرمی پر فوری کارروائی کی جائے۔ عبادت گاہوں کے باہر مناسب فاصلے پر پولیس ناکے قائم کیے گئے جہاں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چیکنگ بھی جاری رہی۔سول لائنز،کینٹ،بغداد الجدد سمیت دیگر اہم علاقوں میں پولیس اور معاون اداروں نے گشت کیا جبکہ اردگرد کے ماحول پر خصوصی نظر رکھی گئی۔ترجمان کے مطابق ڈی پی او محمد حسن اقبال نے ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر سنیپ چیکنگ کو مزید سخت کرنے کا حکم دیا تھا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت کو مؤثر طور پر روکا جاسکے۔ جبکہ تمام پولیس افسران کو ہدایت کی کہ اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کے اطراف گشت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور مشکوک افراد کے بارے میں بروقت رپورٹنگ کی جائے۔
ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کا بنیادی مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ضلع میں امن و امان کا قیام ہے۔ ”ہماری کوشش ہے کہ ہر شہری خود کو محفوظ سمجھے اور اپنی عبادات و سماجی سرگرمیوں کو بلا خوف و خطر انجام دے سکے۔” ڈیوٹی میں غفلت یا سستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران و اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری لگن، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں۔ پولیس ترجمان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی مشکوک سرگرمی کی صورت میں پولیس کو فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس ہر لمحہ تیار ہے اور عوام کے تعاون سے شہر کو مزید محفوظ بنایا جائے گا۔

